امت رسولؐ مارچ ، جماعت اسلامی کی برادر تنظیموں کا اجلا س (کل) ہوگا

حافظ نعیم الرحمن صدارت کریں گے ، مارچ میں مختلف زندگی سے وابستہ افراد کی شرکت کو یقینی بنانے کا جائزہ لیا جائے گا

اتوار 25 دسمبر 2016 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) جماعت اسلامی کراچی کے تحت اتوار یکم جنوری کو 3بجے دن شاہراہ قائدین پر شام کے علاقے حلب اور روہنگیا کے برمی مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کے خلاف اور مظلومین سے اظہار یکجہتی کے لیے ہونے والے عظیم الشان ’’امت رسولؐ مارچ‘‘کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ تمام اضلاع میں اور زونز کے تحت بڑے پیمانے پر عوام سے رابطے کیے جارہے ہیں اور امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کے بھرپور اظہار کے لیے زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے جبکہ خواتین کارکنان بھی دینی جذبے اور جوش وخروش کے ساتھ سرگرم ہیں اور گھر گھر جاکر خواتین کو بھی شرکت کی دعوت دی جارہی ہے ۔

مارچ میں مختلف شعبے زندگی سے وابستہ افراد اور نواجوانوں اور بزرگوں سمیت خواتین اور بچوں کی بھی کثیر تعداد شریک ہوگی ۔

(جاری ہے)

علاوہ زیں ہزاروں کی تعداد میں پوسٹر اور بینرز اور لاکھوں ہینڈ بلز بھی تیار کرلیے گئے ہیں اور ہینڈ بلز کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ دریں اثناء امت رسول ؐمارچ کی تیاریوں اور انتظامات کے سلسلے میں جماعت اسلامی نے اپنی تمام برادر تنظیموں کا ایک خصوصی اجلاس منگل 27دسمبر کو شام 7بجے ادارہ نور حق میں طلب کرلیا ہے ۔

اجلاس کی صدارت امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کریں گے ۔اجلاس میں امت رسولؐ مارچ میں مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد کی شرکت کوبڑے پیمانے پر یقینی بنانے کے لیے رابطوں اور کوششوں کا جائزہ لیا جائے گا اور متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت دی جائیں گی ۔جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری عبد الوہاب نے برادر تنظیموں کے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ وہ 27دسمبر کو اجلاس میں بروقت شریک ہوں ۔

متعلقہ عنوان :