حکومت عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے کوشاں ہے‘چیف سیکرٹری

اتوار 25 دسمبر 2016 19:40

پشاور۔25دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا عابد سعید نے کہا ہے کہ حکومت دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کو زندگی کی بنیادی بالخصوص صحت اور تعلیم کی سہولیات بہم پہنچانے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کمشنر ہائو س ڈیرہ اسماعیل خان میں اعلیٰ افسران کے منعقدہ اجلاس سے گزشتہ شب خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں دیگر لوگوں کے علاوہ کمشنر ڈیرہ ڈاکٹر اختر نذیر،ریجنل پولیس افسر،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ و ٹانک،پولیٹیکل ایجنٹ جنوبی وزیرستان نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران کمشنر ڈیرہ ۔آر پی او او ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اور ٹانک نے چیف سیکرٹری کو انتظامی امور امن و عامہ، اور ڈیرہ ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

کمشنر ڈیرہ نے اپنی بریفنگ کے دوران بتایا کہ ڈیرہ اسمعیٰل خان جو کہ ایک دور افتادہ اور نسبتاً کم ترقیاتی یافتہ علاقہ ہے کی تیز تر ترقی کے لئے ہر شعبہ زندگی بشمول تعلیم،صحت،انسفراسٹکچر اور امن عامہ کے شعبے فوری توجہ کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ڈویژن کا سب سے بڑا مسئلہ تمام محکموں میں بالعموم اور انتظامیہ/ریونیو،صحت اور تعلیم کے محکموں میں سٹاف کی کمی ہے ۔اگر ڈاکٹروں،اساتذہ اور انتظامیہ /محکمہ مال کی خالی آسامیوں کو فوری طور پر پُر کر دیا جائے تو متعلقہ شعبوں فوری بہتری کو یقینی بنایا جا سکتا ہے اُنہوں نے مزید بتایا کہ ڈیرہ اسمعیٰل خان جو کہ ایک زرعی علاقہ ہے کی معیشت کا دارومدار یہاں کے نہری نظام پر ہے جو کہ 2010کے سیلابی ریلوں کی وجہ سے شکست و ریخت کا شکار ہے،لہذا یہاں کی لائف لا ئن سی آر بی سی کینال جو کہ ایک بین الاصوبائی کینال ہے کی فوری مرمت صوبہ پنجاب کے اشتراک سے ممکن بنائی جائے انہوں نے مزید بتایا کہ ڈیرہ بیوٹی فیکیشن پراجیکٹ پر کام جاری ہے مگر اس کے ایک اہم عنصر نخلستان پارک جو کہ یہاں کے عوام کو تفریحی سہولیات بہم پہنچائے گا۔

دریائے سندھ کے کنارے جس مقام کا تعین کیا گیا ہے وہ زمین محکمہ سی اینڈ ڈبلیوکی ہے لہذ متعلقہ محکمے کو مذکورہ زمین نخلستان پارک کے لئے فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں ۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس کو یقین دلایا کہ سرکاری اداروں میں عملے کی کمی ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز کی فراہمی خصوصاً ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال میں گردے کے مریضوں کو ڈیلاسسز کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے مزید ڈیلاسسز مشینیں فراہم کرنے کے لئے فوری اقدامات اُٹھائے جائیں گے آر پی او نے ڈیرہ اسمعیٰل ڈویژن میں امن و عامہ کی صورت حال کے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون سے پاک فوج اور خفیہ ایجنسیوں کی عملی مدد اور ڈویژنل انتظامیہ کی مخلصانہ رہنمائی کی بدولت امن و امان کی صورت حال مستحکم بلکہ کافی بہتر ہے گزشتہ محرم ،چہلم اور ربیع الاول کے دوران کوئی نا خوش گوار واقعہ پیش نہیں آیا انہوں نے یقین دلایا کہ امن و امان برقرار رکھنے بالخصوص فرقہ وارانہ ،ہم آہنگی،تعلیمی اداروں کی سیکورٹی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام انتظاما ت اُٹھائے جا رہئے ہیں ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں اور انتظامیہ کے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کو ضروری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے مسئلے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ یہ انتظا میہ کی بنیادی ذمہ داری ہے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے اجلاس کے دوران ہدایت کی کہ گومل میڈیکل کالج کی نو تعمیر شدہ عمارت میں طلبہ کی منتقلی یقینی بنانے کے لئے تمام انتظامات بشمول سیکورٹی کی فراہمی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے تاکہ اربوں روپے کے اس منصوبے سے استفادہ کیا جا سکے اور طلبہ اور اساتذہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کی تعمیر و ترقی بالخصوص تعلیم،صحت،رودکوہی ،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر ضروری مدوں میں دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے فنڈز فراہم کئے جائیں گے جن کی منصفانہ تقسیم اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد اور ان کی بروقت تکمیل اپ لوگوں کی ذمہ داری ہے ۔