وزیر اعظم نوازشریف نے اہل خانہ کے ہمراہ انتہائی سادگی سے سالگرہ منائی ،بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی مبارکباد

شہباز شریف ،مریم نواز نے سوشل میڈیا پر مبارکباد دی،ملک بھر میں کیک کاٹنے کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا تقریبات میں نواز شریف کی درازی عمر ، ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعائیںمانگی گئیں، ملتان میں تقریب بد نظمی کا شکار ہو گئی

اتوار 25 دسمبر 2016 19:10

وزیر اعظم نوازشریف نے اہل خانہ کے ہمراہ انتہائی سادگی سے سالگرہ منائی ..

لاہور/نئی دہلی /رائے ونڈ/ملتان /گوجرانوالہ/حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے سربراہ محمد نوازشریف نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ انتہائی سادگی سے اپنی 67منائی ، پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنمائوں اور مختلف ونگز کی طرف سے لاہور اور پنجاب سمیت ملک بھر میں تقریبات کااہتمام کیا گیا جس میں وزیر اعظم نواز شریف کی سالگرہ کے کیک کاٹے گئے جبکہ ان کی درازی عمر اورملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اپنی 67ویں سالگرہ منائی ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے جا تی امراء رائے ونڈ میں نہایت سادگی سے اپنی سالگرہ منائی ۔اس موقع پر انہوں نے اپنے اہلخانہ کے ہمراہ اپنی سالگرہ کا کیک کاٹا ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے اپنی والدہ کو سالگرہ کا کیک کھلایا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نوازشریف نے اپنے والد میاں محمد شریف مرحوم کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم نواز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لمبی عمر اور صحتمند زندگی کی دعا دی ۔بھارتی ٹی وی کے مطابق نریندر مودی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نواز شریف کو سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے لکھا کہ وہ نوازشریف کی صحت مند اور لمبی عمر کے لیے دعاگو ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان شدید کشیدگی کے دوران نریند مودی کی جانب سے وزیر اعظم کے لیے نیک خواہشات کے اظہار کو اچھی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ برس نواز شریف کی سالگرہ کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اچانک پاکستان کے مختصر دورے پر پہنچے تھے، نریندر مودی کے اچانک اور مختصر دورے نے سب کو حیران کردیا تھا۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی ویب سائٹس پر وزیر اعظم نواز شریف کو سالگرہ کی مبارکباد دی ۔

ملتان میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کی سالگرہ کی تقریب بدنظمی کا شکار ہو گئی ، لیگی کارکنوں نے کیک پر دھاوا بول دیا او رکیک کھانے کے بجائے ایک دوسرے پر پھینکتے رہے ۔تقریب میں لیگی خواتین نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سٹیٹ گیسٹ ہائوس میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ اور وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین ، رکن صوبائی اسمبلی ماجد ظہور کے علاوہ میاں اسلم ، سواتی خان ، الیاس خان ،عرفان تاج ، اویس چیمہ ، فیصل وحید ، مجید اصغر وڑائچ ،جمشید صدیقی ، میاں مسعود احمد ، راجہ قیصر ، شہباز جٹ اورپاکستان مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران و کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔