جمہوریت میں فیصلے سڑکوں پر نہیں، پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں ،منفی سیاست ملک کیلئے زہر قاتل اور تباہی کے مترادف ہے

پاکستان مسلم لیگ(فنکشنل) پنجاب کے نائب صدر ڈاکٹر ملک محمد سعید کا پارٹی میٹنگ سے خطاب

اتوار 25 دسمبر 2016 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ(فنکشنل) پنجاب کے نائب صدر ڈاکٹر ملک محمد سعیدنے کہا ہے کہ جمہوریت میں فیصلے سڑکوں پر نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں، پاکستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ کون ان کی خدمت کر رہا ہے، منفی سیاست ملک کیلئے زہر قاتل اور تباہی کے مترادف ہے ،وہ اتوار کویہاں پارٹی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مودی کی پاکستان کو صحرا بنانے کی دھمکی اور ہمسائیہ ممالک کو جانے والے پانی کی ایک ایک بوند روکنے کے بیان کو آبی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اس کا نوٹس لے، ایل او سی کی خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ اب پاکستانی پانی روکنے کی دھمکی سندھ طاس معاہدہ کی کھلی خلاف ورزی ہے سندھ طاس معاہدہ کا ضامن عالمی بینک ہے اگر بھارت کی جانب سے پاکستانی دریائوں کا پانی روکا گیاتو عالمی برادری کی جانب سے بھارت پر شدید پابندیاں عائد ہونگی اور وہ پیسے پیسے کا محتاج ہوکر رہ جائے گا اس لیے مودی سرکار پاکستانی پانی روکنے کی دھمکی دینے سے پہلے زمینی حقائق سے آگاہی حاصل کرے ۔