چئیرمین بلدیہ شرقی معید انورکا بلدیہ شرقی میں تین روزہ پھولوں کی نمائش کا افتتاح

اتوار 25 دسمبر 2016 18:20

ْکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 دسمبر2016ء)چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور نے بلدیہ شرقی کی جانب سے منعقدہ تین روزہ گل داؤدی کی نمائش کا افتتاح کر دیا ہے، گل داؤدی کی ستر اقسام پر مشتمل پھولوں کی نمائش محمود غزنوی پارک و منی زو پی ای سی ایچ ایس نزد طارق روڈ پر مزید دو روز جاری رہے گی افتتاح کے موقع پر چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع شرقی کے طرہ امتیاز کو دوبارہ جلا بخش دی ہے ضلع شرقی وہ واحد ضلع تھا جہاں گل داؤدی کی نمائش کا عشروں سے انعقاد ہو رہا تھا مگر یہ عمل تعطل کا شکار ہو گیا تھا جسے دوبارہ زندہ کر دیا گیا ہے، ہماری خوش نصیبی ہے کہ وہ کام جس کا تعلق براہ راست عوام کی تفریحی اور ذہنوں کو پرسکون بنانے والی سرگرمیوں سے ہے دوبارہ ہونا شروع ہو گئیں ہیں گل داؤدی بھی اب ہر سال منعقد ہوگی جس کا دائرہ کار وسیع کیا جائیگا، یہ گل وگلزار محفل سو روزہ صفائی مہم کا حصہ ہے ہماری کوشش ہے کہ شہر میں اسطرح کی سرگرمیاں ہوتی رہیں تاکہ لوگ آئیں اور محظوظ ہوں شہر کی ترقی اور عوام کومسائل سے نکالنے کیلئے ہر ممکن طور پر اپنا کردار ادا کریں گے، انہوں نے بہترین پھولوں کی نمائش کے انعقاد پر ڈائریکٹر پارکس اقبال شیخ اور انکی ٹیم کو زبردست الفاظ میں سراہا بعدا ازاں انہوں نے اور وائس چئیرمین بلدیہ شرقی عبدالرؤف خان نے تفصیلی طور پر نمائش میں موجود گل داؤدی اور نایاب نسل کے پودوں کا معائینہ کیا وائس چئیرمین عبدالرؤف خان نے بھی بلدیہ شرقی کی جانب سے منعقدہ پھولوں کی نمائش کو مثالی قرار دیا اور کہا کہ بلدیہ شرقی کے پاس پھولوں کی نایاب بالخصوص گل داؤدی کی نایاب نسلیں موجود ہیں جو کہ کہیں اور ملنا مشکل ہے، وقت کی ضرورت ہے کہ شہر کو رنگ بھری سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے، افتتاح کے موقع پر بلدیہ شرقی کے افسران کے علاوہ منتخب بلدیاتی نمائندگان مستجاب انور، محمد مرسلین، حسن شہزادو دیگربھی موجود تھے۔