بے نظیر بھٹو کی نویں برسی کے موقع پر سندھ پو لیس نے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی،7ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا

اتوار 25 دسمبر 2016 17:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی نویں برسی کے موقع پر سندھ پو لیس نے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی،7ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ اس حوالے سے آئی جی سندھ کو رپورٹ پیش کردی گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ پولیس نے شہید بینظیر بھٹو کی نویں برسی کے موقع پر سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے کم وبیش 7ہزار پولیس اہلکاروں کو سیکیورٹی ذمہ داریاں تفویض کردی ہیں جس میں ریپڈ ریسپانس فورس، ایس ایس یو، ایس آر پی کے علاوہ ڈسٹرکٹس حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین اور پی ٹی سی شہدادپور کے افسران اور جوانوں کے علاوہ خواتین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

آئی جی سندھ نے رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ برسی کے موقع پر گڑھی خدابخش بھٹو پر اہم شخصیات کی آمد کی مناسبت سے مرتب کردہ سیکیورٹی پلان پر عمل درآمد کو ہر سطح پر غیرمعمولی بنایا جائے اور اس حوالے سے بم ڈسپوزل اسکواڈ سے سوئپنگ اور کلیئرنس کے عمل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ نوڈیرو ریلوے اسٹیشن، مرکزی شاہراہوں و گڑھی خدابخش بھٹو کے دیگر روٹس پر ناصرف سیکیورٹی بلکہ ٹریفک کی روانی کے بھی مجموعی اقدامات کو انتہائی مؤثر اور مربوط بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ سمیت دیگر پولیس رینج میں تھانوں کی سطح پر پولیس پیٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ کے ساتھ ساتھ باالخصوص بارڈر ایریاز پر ناکہ بندی کے تحت کڑی نگرانی اور سرچنگ کے عمل کو بھی غیرمعمولی بنایا جائے ۔انہوں نے مذید ہدایات میں کہا کہ ڈی آئی جی و ایس ایس پی لاڑکانہ تمام پولیس ڈپلائمنٹ کو سیکیورٹی ذمہ داریوں کے حوالے سے باقاعدہ بریفنگ کے اقدامات کو بھی ممکن بنائیں گے اور اس ضمن میں متعلقہ ایس ایچ اوز کو علاقوں میں موجودگی اور وقتاً فوقتاً ڈپلائمنٹ پوائنٹس پر سرپرائز چیکنگ کے لیے بھی پابند کریں گے۔

متعلقہ عنوان :