اٹک کی مسیحی برادری نے حضرت عیسیٰ ؑ کے یومِ ولادت کو انتہائی جوش و جذبے اورعقیدت و احترام سے منایا

اتوار 25 دسمبر 2016 16:50

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) پاکستان کے دیگر حصوں کی طرح اٹک کی مسیحی برادری نے حضرت عیسیٰ ؑ کے یومِ ولادت کو انتہائی جوش و جذبے اورعقیدت و احترام سے منایا۔اس سلسلے میں ضلع بھر کے دیگر کلیساؤں کے علاوہ شہر کی تین مسیحی عبادت گاہوں جن میں بائبلی کلیسا، یو پی چرچ اور کیتھولک چرچ میں 24دسمبر کی شب سے عبادات کا سلسلہ جاری ہو گیا، 12بجے خصوصی گھنٹیاں بجائی گئیں۔

خصوصی عبادات میں ملک میں امن و سلامتی کے لیے دعائیں کروائیں گئیں۔کرسمس کے موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرزاہد نواز مروت کی ہدایت پر پولیس کے مسلح افراد نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے ، حضرت عیسیٰ کے یوم ولادت کے روز یو پی چرچ کے پاسٹر جاوید جونسن پیٹر نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسیٰ کوامن کا شہزادہ کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج مسلمان بھائی بھی ہماری خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں‘ دیگر مذاہب کی طرح مذہب عیسائیت بھی آپس میں محبت بھائی چارے اور رواداری کا درس دیتا ہے‘ حکومت، پاکستان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اقلیتی برادری کو برابری کے حقوق دے اور مذہب کی بنیاد پر کوئی تفریق نہ کرے‘ رات کو چرچ اور مسیحی رہائشگاہوں پر خصوصی چراغاں کیا گیا‘ مسیحی برادری نے اس موقعہ کی مناسبت سے نئے ملبوسات زیبِ تن کیے اور ایک دوسرے کے ساتھ مٹھائیوں ، کیک اور تحائف کا تبادلہ کیا۔ ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں موصولہ اطلاعات کے مطابق 9قیدیوںکی سزاؤں میں 25دسمبر کے حوالے سی2ماہ کی کمی کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :