چکوال، قائداعظم کے یوم ولادت اور کرسمس کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

اتوار 25 دسمبر 2016 16:50

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) قائداعظم کے یوم ولادت اور کرسمس کے حوالے سے بزم ادبیات پاکستان چکوال اور انٹلیکچوئل فورم کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔سیمینارکی صدارت چکوال چیمبر آف کامرس کے بانی قاضی محمد اکبر نے کی جبکہ معروف مسیحی راہنما منور عزیز مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پرممتاز عالم دین پیر عبدالشکور نقشبندی نے بھی خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود نے سیمینا رسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج قائداعظم اور حضرت یسوع مسیح کا یوم ولادت ہے اور اس حوالے سے یہ بڑا دن ہے۔ قائداعظم نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا اس کی تعبیر ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے جس کیلئے ہر پاکستانی کو اس کا تعلق کسی بھی فرقے،مذہب یا جماعت سے ہو وطن کی تعمیر و ترقی میں ہم سب کو اپنا کردار اد اکرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

پیر عبدالشکور نقشبندی نے اپنے خطاب میں قائداعظم کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا مگر اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ قائداعظم کے اصولوں اور ان کے فرمودات کو ہم نے فراموش کر دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پورا ملک اس وقت مختلف مسائل کا شکار ہے اور اسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ مسیحی راہنما اور شاعر منور عزیز نے کہا کہ اس وقت ذہنوں سے اقلیت اور اکثریت کا فتور نکالنا ہوگا۔

تمام پاکستانیوں کو ایک قوم کی شکل میں بھرپور طریقے سے سامنے آنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان میں مسیحی برادری کوناصرف بھرپور تحفظ حاصل ہے بلکہ آئین میں ان کے حقوق کی ضمانت دی گئی ہے اور مسیحی برادری کو کبھی بھی اپنے اقلیتی ہونے کا شائبہ نہیں ہوتا۔ قاضی محمد اکبر نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ قیام پاکستان کا وجود جس نظریے کے تحت آیا تھا اس کے مقاصد حاصل کرنے کیلئے پوری قوم کو سخت محنت اورجدوجہد کرنا ہوگی۔ اس موقع پر سابق صدر چکوال چیمبر آف کامرس خواجہ عارف یوسف، ملک عبدالحفیظ انجم، وائس چیئرمین سہگل آباد نجم الحسن ہاشمی بھی موجود تھے۔ آخر میں مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کرسمس کیک بھی کاٹا گیا۔

متعلقہ عنوان :