ضلع چکوال میں مسیحی برادری نے پورے ملی جوش و جذبے سے کرسمس ڈے منایا

اتوار 25 دسمبر 2016 16:50

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) ملک کے دوسرے حصوں کی طرح ضلع چکوال میں بھی مسیحی برادری نے پورے ملی جوش و جذبے کے ساتھ کرسمس ڈے منایا۔کرسمس کے موقع پرتمام گرجہ گھروں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی طر ف سے ڈی پی او منیر مسعود مارتھ کے ہمراہ یو پی چرچ چکوال میں کرسمس کاکیک کاٹاجس کے بعد رنگا رنگ تقریبات کا آغاز ہوگیا۔

اس موقع پر سنیٹر جنرل (ر)عبدالقیوم ملک نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔چرچ کے پادری نے حضرت عیسیٰ علیہ سلام کی ولادت کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالی۔اس موقع پر جنرل(ر) عبدالقیوم ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسیٰ محض مسیح برادری کے نہیں بلکہ مسلمانوں کے بھی قابل عزت نبی ہیں۔

(جاری ہے)

آج جہاں کرسمس کے حوالے سے خوشیاں منائی جا رہی ہے وہاں آج بابائے قوم قائد اعظم محمد علی کا یوم پیدائش بھی ہے اور یہ دوسری خوشی کا موقع ہے۔

ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی نے کہا کہ پاکستانی پرچم کے دو رنگ ہیں‘ ایک سبز اور ایک سفید‘ سفید رنگ پاکستان میں اقلیتوں کی تحفظ کی نشانی ہے اوروزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف صوبہ بھر میں اقلیتوں کے حقوق کے فروغ کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے سرکاری اداروں میں ٹی ایم اے کا کردار مثالی ہے۔ڈی پی او چکوال منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ ملکی قانون کے مطابق یہاں پر مقیم اقلیتوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں۔

کرسمس کے موقع پر ہم نے ضلع بھر میں تمام گرجہ گھروں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی ہے اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔انہوں نے مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو کرسمس کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔بعد ازاں مسیحی راہنمائوںمنور عزیز اور سلیم گِل کی موجودگی میں یو پی چرچ میں بہتر کارکردگی کے حامل خواتین اور مردوں میں شیلڈ تقسیم کی گئی۔تقریب کے اختتام پر پادری نے استحکام پاکستان ،ملک کی خوشحالی ،اخوت،بھائی چارے کے فروغ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے خصوصی دعا کرائی ۔

متعلقہ عنوان :