اگر انصاف نہ ملا تو پھر سڑکوں پر نکلوں گا: عمران خان

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 25 دسمبر 2016 16:47

اگر انصاف نہ ملا تو پھر سڑکوں پر نکلوں گا: عمران خان

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25دسمبر۔2016ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے صوابی میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر وزیر اعظم اور نون لیگ کو آڑے ہاتھوں لیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جب تک زندہ ہوں کرپٹ مافیا کیخلاف لڑتا رہوں گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگر عدالتوں سے انصاف نہ ملا تو پھر سڑکوں پر نکلوں گا۔

انہوں نے کہا کہ صرف دو ادارے، پاک فوج اور سپریم کورٹ نواز شریف کی کرپشن اور اثر سے بچے ہوئے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ شریف برادران سڑکیں پیسوں کیلئے بناتے ہیں۔ عمران خان نے الزام عائد کیا کہ اسفند یار اور فضل الرحمان دونوں وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آصف زرداری طویل عرصے بعد لوٹے ہیں، ابھی انہیں نیٹ پریکٹس کرنے دیں۔

(جاری ہے)

عمران خان نے مزید کہا کہ سی پیک ہمارے بچوں کا مستقبل روشن کرے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چاروں صوبوں کو برابر حقوق ملنے چاہیں۔ عمران خان نے اپنے خطاب کے دوران کرپشن کی کرکٹ ٹیم بھی اناؤنس کر دی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کرپشن الیون کا کپتان نواز شریف کو اور نائب کپتان مولانا فضل الرحمان کو قرار دیا۔ عمران خان نے کہا کہ مولانا کو فضل الرحمان کو اپنے نام کیساتھ لگا مولانا ہٹا دینا چاہئے۔

عمران خان نے کرپشن ٹیم کا اوپننگ بیٹسمین شہباز شریف کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کیخلاف بھی نیب میں کیسز ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ کرپشن کیخلاف جہاد میں جیتے بغیر غربت کم نہیں ہو سکتی، پاناما کیس میں اسمبلی اور سپریم کورٹ میں مختلف بیان دیئے گئے، سی پیک پر چین سے نہیں وفاقی حکومت سے مسئلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے صوبے اپنا حق مانگیں۔