Live Updates

تحریک انصاف نے سیاسی مداریوں کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے،محمود خان

اب لوگوں کے کام سفارش اور پیسوں پر نہیںمیرٹ پالیسی کی تحت ہورہے ہیں، وزیر کھیل خیبرپختونخوا

اتوار 25 دسمبر 2016 16:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) خیبر پختونخواہ کے وزیرکھیل ‘ثقافت‘اثارقدیمہ اور امورنوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے خود غرضوں اور مفاد پرستوں کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے اب لوگوں کے کام پیسوں اور سفارشوں کے بل بوتے پر نہیں بلکہ شفاف نظام اور میرٹ پالیسی کے تحت ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع دندنئی مٹہ سوات میںایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ35سال سے وابستہ اہم شخصیات بابوزے‘ جمعہ دوست‘غلام حیدر ‘رحمانی گل ‘کاکی جان عالم خان‘مومین، دواخان‘گل محمد خان‘گل زمان ‘طوطاکے اور غلام سرخان نے اپنے اپنے خاندانوں سمیت سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ اے این پی سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا اور کہا کہ ہم صوبائی وزیر محمود خان کا علاقے کی ترقی کیلئے بے لوث خدمت سے متاثر ہوکرعوامی نیشنل پارٹی کو خیرباد کہہ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

نئے شامل ہونے والوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ تاحیات محمود خان کے قیادت میںپی ٹی آئی کے مشن کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔صوبائی وزیر محمود خان نے نئے شامل ہونے والوں کارکنان کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ علاقے میں عوامی مسائل کے حل اور پی ٹی آئی کو مذید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریںگے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں سب لوگ برابر ہیں اور اب وہ دور ختم ہوچکا ہے کہ خان خوانین غریب لوگوں کو اپنا غلام سمجھتے تھے اب غریب لوگ آزاد ہیں اور اپنے فیصلے خود کرتے ہیں۔محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان واحد سیاسی لیڈر ہے جس کی سیاست کا بنیادی مقصد غریب عوام کی حقوق کی تحفظ اور اس ملک میں نظام کی تبدیلی ہے۔انہوں نے کہا کہ تین سال خاموش رہنے والے سیاسی مداری اب جھوٹ اور فریب کے نئے نعروں کے ساتھ میدان میں اتر آئے ہیں لیکن اب عوام میں سیاسی شعور بیدا ہوچکا ہے لوگ ان مفاد پرست اور جھوٹے سیاستدانوں کے دھوکوں اور فریب میں نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میںلوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم تھا۔پی ٹی آئی حکومت نے کرپشن کا خاتمہ کرکے میرٹ اور قانون کی بالادستی قائم کرکے عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کے ساتھ تبدیلی لانے کے وعدوں میںتقریباً90فیصد تک کی کامیابی حاصل کی ہے۔محمود خان نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی طرح ہم نے قومی خزانے کو شیر مادر نہیں سمجھا بلکہ قومی امانت کے طور پر اس کے نگہبان ہیں اور اسکی ایک پائی پائی کا صحیح استعمال یقینی بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر نام نہاد مفاد پرست سیاستدانوںنے تعصب اور نفرت کے نظر سے ہٹ کر حقیقی آنکھوں سے دیکھا تو انکوخود بخود خیبر پختونخواہ میں تبدیلی نظر آئیگی۔صوبائی وزیر محمود خان نے سپاسنامے میں پیش کئے گئے مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انکے کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔محمود خان نے ایک بار پھر مفاد پرست سیاستدانوں کو کارکردگی کی بنیاد پر مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ میں ہر فورم پر مناظرے کیلئے تیار ہوں۔اجتماع سے ضلعی کونسلرز رشید عالم خان‘بہادر خان‘جنرل کونسلرز معراج خان‘حاجی شیر عالم خان‘جلات خان‘جمعہ دوست اور عبدالجبار خان نے بھی خطاب کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات