پاکستان علماء کونسل بین المسالک بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے ہر سطح پراپنا کردار اداکرتی رہے گی‘طاہر محمود اشرفی

پاکستان میں رہنے والے گیر مسلموں کو کسی گروہ یا جماعت یا فتنے سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل

اتوار 25 دسمبر 2016 16:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ پاکستان علماء کونسل بین المسالک بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے ہر سطح پراپنا کردار اداکرتی رہے گی،پاکستان میں رہنے والے گیر مسلموں کو کسی گروہ یا جماعت یا فتنے سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے، توہین ناموس رسالتؐ کے قانون کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے علماء اسلام نے ہمیشہ کرداراداکیا ہے، اسلام تمام انبیاء اور تمام آسمانی کتب کے احترام کا درس دیتا ہے ۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدرحافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مختلف مذاہب کے قائدین کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا زاہد محمود قاسمی،مولانا ایوب صفدر،مولانا عبد الحمید وٹو،مولانا اسد اللہ فاروق ،پادری عمانوایل کھوکھر،سردار بشن سنگھ،ڈاکٹر رومیش بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حافظ محمدطاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کا آئین اور دستور مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حقوق کا محافظ ہے۔

گزشتہ تین سالوں میں بین المسالک بین المذاہب مکالمہ کے ذریعے بہت سے مسائل کو حل کیا گیا ہے۔ اندرون سندھ ہندو برادری کی بچیوں کے تحفظ کا معاملہ ہو یا توہین ناموس رسالت ؐ کے قانون کے غلط استعمال کے ذریعے غیر مسلموں کو ہراساں کرنے کا پاکستان علماء کونسل نے مسلمانوں اور غیر مسلموں کے درمیان پیدا ہونے والے مسائل کے حل میں بھر پور کردار اداکیا ہے اور قومی مصالحتی کونسل کے ذریعے اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے مسائل پر پاکستان کی غیر مسلم برادری نے ہمیشہ جس طرح آواز بلند کی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المسالک بین المذاہب مکالمہ سے اختلافات کے خاتمے میں مدد ملتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ مختلف مذاہب کے قائدین کی مشترکہ جدوجہد سے ہی ممکن ہے۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی کسی مسلک کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ مختلف مذاہب میں انتہاپسندی کی سوچ رکھنے والے عناصر موجود ہیں۔

پادری عمانوایل کھوکھر نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کی بین المذاہب بین المسالک مکالمہ کیلئے کوششیں قابل قدر ہیں۔ مسیحی برادری سمیت غیر مسلم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے پاکستان علماء کونسل کی جدوجہد قابل قدر ہے۔ آج پاکستان میں بین المسالک بین المذاہب رواداری کے فروغ میں جو بہتری آئی ہے وہ ان ہی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

متعلقہ عنوان :