28سالہ مذاکرات کامیاب، دریائے آمور پر چین اور روس کو ملانے و الے پل کی تعمیر کا کام شروع

پل 1283میٹر طویل ہوگا، تعمیر سے دونوں خطوں کے درمیان تعاون مضبوط ہوگا

اتوار 25 دسمبر 2016 16:10

ہائی ہی/ہیلانگ جیانگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء) چین اور روس کے 28سال کے مذاکرات کے بعددریائے آمور پر چین اور روس کو ملانے و الے پل کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا ہے ، دریائے آمور پر دونوں ملکوں کے درمیان تعمیر ہونیوالا یہ پہلا پل ہے ، یہ پل 1283میٹر طویل ہوگااور یہ چین کے ہائی ہی شہر کو روسی شہر بلاگو وش چینک سے ملاتا ہے ۔

چینی کمیونسٹ پارٹی ہائی ہی کے رکن اینٹنگ نے کہا ہے کہ رابطے کے حوالے سے یہ بڑا اہم پل ہے جو چین منگولیا روس اقتصادی راہداری کا حصہ ہے ،پل دونوں خطوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پل کی تعمیر سے چین اور روس کے درمیان تجارت ،بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری ، توانائی اور قدرتی وسائل کو فروغ حاصل ہوگا ،انہوں نے کہا کہ یہ پل چین کے دور دراز کے مشرقی علاقوں اور چین کی شمالی صوبوں کے صنعتی علاقوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا ،پل پر 2.5ارب یوآن (تقریباً 360ملین امریکی ڈالر )کی لاگت آئیگی اور اسے اکتوبر 2019ء میں آمد و رفت کیلئے کھول دیا جائیگا ،انہوں نے کہا کہ پل کی تعمیر سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کرنیوالے لوگوں کی تعداد سالانہ 15لاکھ کے قریب ہوجائیگی جبکہ 2020ء تک اس میں مزید اضافہ ہوگا ،انہوں نے کہا کہ پل کے ذریعے 3ملین ٹن سامان کی نقل و حمل ہو گی جو آج کل کے اعدادوشمار سے دس گنا زیادہ ہو گی ۔

متعلقہ عنوان :