فین انڈسٹری مالکان کاالیکٹریکل سٹیل شیٹ پرعائد ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کا مطالبہ

الیکٹریکل سٹیل شیٹ کی قیمت گزشتہ سال کی نسبت بڑھ چکی ہے ، عائد 20 فیصد ڈیوٹی سے قیمت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے، خاتمہ کر کے ریلیف فراہم کیا جائے، چودھری علی عثمان

اتوار 25 دسمبر 2016 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2016ء)فین انڈسٹری مالکان نے الیکٹریکل سٹیل شیٹ پرعائد20فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پاکستان الیکٹرک فین مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین چودھری علی عثمان نے کہا ہے کہ گزشتہ سال الیکٹریکل سٹیل شیٹ کی کم قیمت کے باعث حکومت نے 20فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی نافذ کر کے صنعتکاروں سے کہا تھا کہ کوٹہ منظور کروا کر ڈیوٹی سے استثنیٰ حاصل کرلیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنکھا سازی کی صنعت کے صرف150 دارے استفادہ کرسکے ہیں جبکہ دیگرکارخانہ داردرآمد کنندگان سے شیٹ خریدتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیٹ کی قیمت گزشتہ سال کی قیمت 425 ڈالر سے 800 ڈالر فی ٹن تک بڑھ چکی ہے جبکہ اس پرعائد20فیصد ڈیوٹی سے اس کی قیمت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے جس سے پنکھوں کی صنعت کے خام مال کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے حکام سے درخواست کی ہے کہ ریگولیٹری ڈیوٹی کے خاتمہ سے صنعتکاروں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔