محکمہ تعلیم آزادکشمیر کو سیاست سے پاک کرنے کے تمام دعوے ہوائی نکلے

پابندی کے باوجود تعلیمی سیشن کے اختتام پر تبادلے،چیف سیکرٹری سے مداخلت کی اپیل

اتوار 25 دسمبر 2016 13:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 دسمبر2016ء) محکمہ تعلیم آزادکشمیر کو سیاست سے پاک کرنے کے تمام دعوے ہوائی نکلے،پابندی کے باوجود تعلیمی سیشن کے اختتام پر دھڑا دھڑ تبادلوں نے محکمہ کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ،وزارت تعلیم سے خصوصی نرمی کے ذریعے روزانہ درجنوں تبادلہ جات جاری کرنے کے احکامات،افسران سر پکڑ کر بیٹھ گئے ،محکمہ میں موجود مافیا بھی پوری طرح سرگرم ،چیف سیکرٹری آزادکشمیر سے مداخلت کی اپیل ،وزیراعظم اور وزیر تعلیم نے متعدد بار اعلان کیا کہ محکمہ تعلیم کوسیاست سے پاک کر دیا گیا ہے مگر حقیقت اس کے برعکس ہے ،اس وقت محکمہ تعلیم میں تعلیمی سیشن کے اختتام پر روزانہ درجنوں تبادلہ جات ہو رہے ہیں ،ضلعی ،ڈویژنل دفاتر سمیت نظامت اور سیکرٹریٹ میں درجنوں فائلیں رواں دواں ہیں ،وزارت تعلیم سے بھی روزانہ درجنوں کے حساب سے خصوصی نرمی جاری کی جاتی ہے جب کہ عملہ کی جانب سے افسران کو فون کر کے عمل درآمد کروایا جاتا ہے جس کی وجہ سے افسران بھی بے بس ہو چکے ہیں ،محکمہ تعلیم کے ایک اعلیٰ افسر نے انکشاف کیا ہے کہ دارالحکومت میں تبادلوں کا سب سے زیادہ بوجھ ہے جب کہ دیگر حلقہ جات میں بھی تبادلہ جات کا عمل جاری ہے ،تعلیمی سیشن کے اختتام پر تبادلہ جات کے باعث تعلیمی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیاہے ،عوامی حلقوں نے چیف سیکرٹری آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری مداخلت کرتے ہوئے تبادلہ جات پابندی پر عمل درآمد کروایا جائے۔

متعلقہ عنوان :