غیر ریاستی باشندوں کو گزشتہ 4ماہ سے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری ہونے کا انکشاف

اتوار 25 دسمبر 2016 12:21

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء)مقبوضہ کشمیر میں جموں خطے میں مقیم غیر ریاستی افراد کو گزشتہ 4ماہ سے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی حکومت کی طرف سے اس حوالے سے ایک حکم نامہ جاری کیاگیا ہے جس کے بعد رواں سال اگست کے مہینے سے ان اسناد کے اجراء کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

بھارتی وزارت داخلہ کی طرف سے 5اگست 2016ء کو کٹھ پتلی حکومت کے نام ایک خط لکھاگیا تھاجس میں کہا گیاتھا کہ جموں و کشمیر میںمقیم غیر ریاستی بچوں کی انڈین آرمڈ فورسز میں بھرتی کی غرض سے ڈومیسائل اسناد جاری کی جائیں۔جس کے بعد13اگست کو ڈپٹی کمشنروںکو ہدایت دی گئی کہ وہ ان کے انتظامی حدود میں کام کرنے والے نائب تحصیلداروں کو حکم جاری کریںکہ وہ بھارتی حکومت کے وزارت داخلہ کی تیار کردہ پروفارما کے مطابق غیرریاستی باشندوں کے نام دومیسائل اسناد جاری کریں۔

(جاری ہے)

خط میںلکھا گیا ہے کہ معاملے کو انتہائی اہم اور فوری نوعیت کا تصور کیاجائے۔دریں اثنا غیر ریاستی مہاجرین کی تنظیم کے صدر لوبھا رام گاندھی نے کہاہے کہ جموں میں رہنے والے مہاجر خاندانوں کی تعداد 19960ہے جبکہ بھارتی حکومت کے اعدادوشمار کے مطابق یہ تعداد 5764خاندانوں پر مشتمل ہے۔ لوبھا رام نے کہاکہ انہوں نے بھارتی حکومت سے انہیں شہریت اور ووٹ ڈالنے کا حق دینے کا مطالبہ کیا ہے۔