غیر ریاستی باشندوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجراء کا مقصد تنازعہ کشمیر کی قانونی حیثیت کمزور کرنا ہے، مصدق عادل

اتوار 25 دسمبر 2016 12:21

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میںحریت رہنما اور پیپلز پولیٹکل فرنٹ کے چیئرمین محمد مصدق عادل نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے غیر ریاستی باشندوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا مقصد تنازعہ کشمیر کی نوعیت کو تبدیل کرکے اسکی قانونی حیثیت کو کمزور کرنا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد مصدق عادل نے یہ بات حالیہ احتجاجی تحریک کے دوران شمالی کشمیر کے علاقوں ہتھمولہ لنگیٹ اور کائوواری میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں شوکت احمد ملک اوربلال احمد ڈینٹھو کے اہلخانہ سے اظہاریکجہتی کے موقع پر کہی۔

ان کے ہمراہ پارٹی رہنما غلام حسن اور شیخ عبدالمجیدبھی تھے۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ان کی قُربانیوں کی بدولت کشمیری قوم کا وقاربلند ہوا ہے اور تحریک آزادی تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھار ت کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرکے اپنے ناجائز قبضے کو دوام بخشنا چاہتاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے بھی اس طرح کی بہت سی ناکام کوششیں کرچُکا ہے ۔

انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ موجودہ کٹھ پتلی حکومت بھارتی ایجنڈے پر عملدرآمد کے لئے پوری طاقت کے ساتھ اہل کشمیر کے خلاف برسرپیکار ہے۔ مصدق عادل نے کہا کہ شہداء کی قُربانیوں کے امین ہونے کے ناطے کشمیری قوم کو بھارتی سازشوں سے ہوشیار رہناہوگااور جدوجہد آزادی کو حصول مقصد تک جاری رکھنا ہوگا۔