دھند: مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق، 50 سے زائد زخمی

موٹروے کالا شاہ کاکو سے پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد تک بند، لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ، کئی پروازیں منسوخ

اتوار 25 دسمبر 2016 12:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 دسمبر2016ء) پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 10 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 50 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔پنجاب میں دھند کا راج ایک بار پھر کئی علاقوں میں ٹریفک حادثات کا باعث بن گیا۔ حافظ آباد سکھیکی روڑ پر دھند کے باعث سیالکوٹ سے سانگلہ ہل جانے والی بس الٹ گئی جس سے 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

شیخوپورہ کے قریب دو حادثات میں دو افراد جاں بحق جبکہ بارہ افراد زخمی ہوئے۔ لاہور سے چشتیاں جانے والی باراتیوں کی بس پتوکی روڈ پر الٹ گئی۔ ایک خاتون جاں بحق اور پندرہ افراد زخمی ہو گئے۔سکھیکی کے قریب ٹرک اور مسافر کوچ کے درمیان تصادم میں ایک شخص جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوئے۔پنجاب میں دھند کے باعث کئی علاقوں میں حدِنگاہ صفر ہو گئی۔ موٹروے کالا شاہ کاکو سے پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد تک بند کر دی گئی۔ لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہو گیا۔ کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :