پانامہ لیکس اصل میں پاجامہ لیکس ہے، حکمران ایک دوسرے کے کپڑے اتار رہے ہیں،اور ایک دوسرے کے بارے میں سچ بتارہے ہیں، آصف زرداری اور نواز شریف این آر او کی زد میں ہیں۔آصف زرداری جیسے سیاستدان آتے جاتے رہتے ہیں،دفاع پاکستان کونسل میں بڑی جماعتوں کو شامل کررہے ہیں، اگر سندھ حکومت نے مذہبی رواداری بل واپس نہ لیا تو اس کا شدید ردعمل سامنے آئے گا ،جمعیت علمائے اسلام( س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 24 دسمبر 2016 23:10

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 دسمبر2016ء) دفاع پاکستان کونسل اور جمعیت علمائے اسلام( س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہاہے کہ پانامہ لیکس اصل میں پاجامہ لیکس ہے، حکمران ایک دوسرے کے کپڑے اتار رہے ہیں،اور ایک دوسرے کے بارے میں سچ بتارہے ہیں۔ آصف زرداری اور نواز شریف این آر او کی زد میں ہیں۔آصف زرداری جیسے سیاستدان آتے جاتے رہتے ہیں، نواز شریف اور آصف زرداری نے 30 سالوں میں عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔

دفاع پاکستان کونسل میں بڑی جماعتوں کو شامل کررہے ہیں۔ملتان ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ آرمی چیف کی تبدیلی سے اچھی توقعات رکھنی چاہیں۔ دشمن کی دھمکیاں سامنے ہیں، امید ہے کہ نئے آرمی چیف ملک و ملت کے دفعہ کیلئے اپنا کردار ادا کرسکیں گے، افغانستان کی صورتحال اور امریکہ کی افغانستان سے واپسی ہمارے ملک کے استحکام کیلئے بھی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کے پلیٹ فارم پر سب کو اکٹھا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ بڑی جماعتیں بھی دفاع پاکستان کونسل میں شامل ہوں اور مشترکہ جدوجہد کریں۔سندھ اسمبلی کے مذہبی رواداری بل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جس اسمبلی نے یہ بل پاس کیا ہے اسے ختم کیا جائے اور کارروائی کرتے ہوئے سندھ اسمبلی ختم کی جائے۔ اگر سندھ حکومت نے مذہبی رواداری بل واپس نہ لیا تو اس کا شدید ردعمل سامنے آئے گا ۔یورپ امریکہ اور روس میں بھی مذہبی آزادی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ جھنگ سے کامیاب ہونے والے مولانا حق نواز کے صاحبزادے مولانہ مسرور جھنگوی کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے۔