Live Updates

چیئرمین تحریک انصاف کی زیر صدارت اجلاس، پختونخوا حکومت کے خلاف نون لیگی پراپیگنڈے کی شدید مذمت کی گئی

چوروں اور لٹیروں سے پلی بارگین شرمناک رسم ہے،نیب عملی طور پر کرپشن کی سرپرستی کرنے والا آئینی ادارہ بن چکا ہے،افتخار درانی اور فیصل جاوید سے غلط اور من گھڑت خبریں منسوب کر کے صوبے میں کرپشن کا تاثر دینے کی کوشش کی گئی،اجلاس کا اعلامیہ

ہفتہ 24 دسمبر 2016 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 دسمبر2016ء) پاکستان چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی زیر صدارت اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میدیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری کردہ خبر کے مطابق اجلاس میں تحریک انصاف اور پختونخوا حکومت کے خلاف شرمناک نون لیگی پراپیگنڈے کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میںاس بات پر تفاق کیا گیا کہ ساڑھے تین سال میں نون لیگ کو گھٹیا سا الزام لگانے کے علاوہ کوئی کامیابی نہیں ملی۔

افتخار درانی اور فیصل جاوید سے غلط اور من گھڑت خبریں منسوب کر کے صوبے میں کرپشن کا تاثر دینے کی کوشش کی گئی۔ اعلامیئے کے مطابق نون لیگ کی اس بھونڈی کوشش سے ثابت ہو گیا کہ پختونخوا کا وجود کرپشن سے پاک ہو چکا ہے ۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ جسٹس فائز عیسی کی رپورٹ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے ، ہر فورم پر اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

اعلامیئے کی مزید تفصیلات کے مطابق ریگولیٹرز کو وزارتوں کے ماتحت کرنے کا فیصلہ شریفوں کی جانب سے لوٹ مار کا ایک نیا طریقہ کہا گیا اور یہ کہ وزیر اعظم اپنی اور اپنے خاندان کی کرپشن میں حائل ایک ایک رکاوٹ دور کرنا چاہتے ہیں۔

اجلاس میں ہونے والی گفتگو کے مطابق نیب کی جانب سے چوروں اور لٹیروں سے پلی بارگین شرمناک رسم ہے۔اورنیب عملی طور پر کرپشن کی سرپرستی کرنے والا آئینی ادارہ بن چکا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات