قائد اعظم کے اصولوں ایمان، اتحاد اورتنظیم کو اپنی زندگی میں شعار بنا کر ہی پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکتا ہے،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک

ہفتہ 24 دسمبر 2016 21:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے اصولوں ایمان، اتحاد اورتنظیم کو اپنی زندگی میں شعار بنا کر ہی پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر قومی اور عوامی مفادات کے لئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور پاکستان کو با وقار قوموں کی صف میں کھڑا کرنے کے لئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے شدت پسندی ،دہشتگردی اور عسکریت پسندی کے خاتمے اور پاکستان کی بقاء و سا لمیت کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ صوبائی حکومت جمہوریت کے بین اصولوں پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ اس نے سابقہ حکومتوں کے من پسند اور ذاتی مفاد پر مبنی فیصلوں کی بجائے جمہوری انداز سے مسائل کو حل کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں امن و امان کی صورت حال کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ صوبے میں گڈ گورننس کے خواب کو شرمندہء تعبیر کرنے کے لئے صوبائی حکومت نے صوبے کو کرپشن فری بنانے کیلئے ریکارڈ قانون سازی کی اور معاشی، معاشرتی، سیاسی، ثقافتی اور تعلیم کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب خیبر پختونخوا حقیقی معنوں میں قائد اعظم کی بصیرت کا آئینہ دار ہو گا۔