ہمیں دُنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان میں مذہبی رواداری،اخوت،بھائی چارے اور ایک دوسرے کے حقوق کی مکمل پاسداری کی جاتی ہے

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کا یوم قائد اور کرسمس ڈے کے موقع پرپیغام

ہفتہ 24 دسمبر 2016 20:10

لاہور۔24 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 دسمبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن پاکستان میں بسنے والوں کو اس بات کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگی کہا تک بانی پاکستان کے بتائے ہوئے رہنمائے اصولوں سے ہم آہنگ ہے۔

قائد اعظم ؒ چاہتے تھے کہ مذہبی عقیدے رنگ اور نسل کے امتیاز سے بالا تر ہو کر پاکستان کے تمام باشندے عدل و انصاف، رواداری اور برابری کے اصول پر زندگی بسر کریں۔ ہمیں بابائے قوم کی خواہش کے مطابق اس عزم کی تجدید کرنا ہوگی کہ زندگی کے ہر شعبے میں قائد اعظمؒ کے افکار، کردار اور عمل کو اپنائیں گے اور عصری تقاضوں پر پورا اترنے والا منصفانہ معاشرہ قائم کر کے پاکستان کے بہتر مستقبل کو یقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

گورنر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم قائد اعظمؒ کے سکھائے ہوئے اصول ’’اتحاد، یقین محکم اور تنظیم ‘‘ پر عمل پیرا ہو کر ایک اعتدال پسند اور روشن خیال اسلامی فلاحی مملکت کے طور پر دُنیا کی دیگر اقوام کے لئے قابل تقلید معاشرہ بن سکتا ہے۔ بعد ازاں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کرسمس کے مقدس تہوار کے موقع پر پاکستان میں بسنے والے مسیحی عوام کو بھی مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دُنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان میں مذہبی رواداری،اخوت،بھائی چارے اور ایک دوسرے کے حقوق کی مکمل پاسداری کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بسنے والی مسیحی برادری نے قیام پاکستان میں اپنا فعال کردار ادا کیا اور آج وہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھی پیش پیش ہیں - گورنر پنجاب نے کہاکہ پاکستان مختلف اقلیتوں کا حسین گلدستہ ہے جس میں مسیحی برادری ممتاز حیثیت رکھتی ہے -انہوں نے کہا کہ حضرت عیسی علیہ السلام کی یوم ولادت نہ صرف مسیحی برادری کے لیے مبارک دن ہے بلکہ مسلمانوں کے لیے بھی قابل احترام ہے -گورنرپنجاب نے کہا کہ اس دن مسیحی برادری کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ کہ حضرت عیسی علیہ السلام کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے ہمیشہ حق و سچ کا علم بلند کریں گی-