چوتھی سروس ٹائرز 15 سائیڈ رگبی لیگ کے دو اہم میچزآج کھیلے جائیں گے

ہفتہ 24 دسمبر 2016 20:10

لاہور۔24 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 دسمبر2016ء)پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام چوتھی سروس ٹائرز 15 سائیڈ رگبی لیگ کے دو اہم میچزآج 25 دسمبر کو پاکستان رگبی اکیڈمی لاہور کینٹ میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان رگبی یونین کے رگبی سروسز مینجر سید معظم علی شاہ کے مطابق پہلا میچ لاہور رگبی فٹ بال کلب اور لاہور ہاکس کی ٹیموں کے درمیان صبح 11 بجے جبکہ دوسرا میچ آرمی اور اسلام آباد جنز کی ٹیموں کے درمیان دوپہر ایک بجے کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

دونوں میچ پاکستان ٹیلی ویژن پر لائیو ٹیلی کاسٹ ہوں گے ۔ہیڈ کوچ شکیل ملک کے مطابق تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ دونوں میچز انتہائی یادگار ہوں گے۔ زندہ دلان لاہور کی ایک بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔ پاکستان آرمی اور اسلام آباد جنز دونوں ٹیمیں بھرپور فارم میں ہیں۔ رگبی سے پیار کرنے والوں کو بہترین مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ اس سال لیگ میں ہر ٹیم نے آٹھ آٹھ میچز کھیلے ہیں جو خوش آئند بات ہے۔ چھ ماہ تک جاری رہنے والی لیگ میں تین ڈویژنز میں مختلف ٹیمیں آپس میں مدمقابل رہیں۔