سبزی و فروٹ منڈی میں نیلامیوں کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے،ڈی سی او جھنگ

ہفتہ 24 دسمبر 2016 20:10

جھنگ۔24 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 دسمبر2016ء)ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر غازی امان اللہ نے ہدایت کی ہے کہ سبزی و فروٹ منڈی میں نیلامیوں کے عمل کی مسلسل نگرانی کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کریں اور متعلقہ محکوں کے افسران متحرک ہوکر نیلامی کے عمل کی جانچ پڑتال کریں تاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ نہ ہو۔ انہوںنے یہ ہدایات ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈی او سی ہارون رشید، اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ زراعت کے افسران ، اے ڈی ایل جی ابرار عادل، سیکرٹری آر ٹی اے محسن ریاض اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈی سی او غازی امان اللہ نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ سبزی و فروٹ منڈی میں نیلامیوں کے عمل کی مسلسل نگرانی کے ساتھ ساتھ فراہم کردہ سٹاک کی کوالٹی کو بھی چیک کریں ۔انہوںنے کہا کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو سبزی منڈی کی سطح پر کنٹرول کریں تاکہ خریدار کومناسب قیمت پر معیاری اشیاء مل سکیں۔ڈی سی او نے سبزی و فروٹ منڈی میں صفائی و ستھرائی اورٹریفک کے نظام کو مزید موثر اور فعال بنانے کے حوالہ سے ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں جدید سبزی منڈی او رماڈل بازار بنانے کے حوالہ سے بھی فیصلہ جات کئے گئے۔