وفاقی محتسب سیکرٹریٹ نے سفیروں اور ہائی کمشنرز سے غیر ممالک میں قید پاکستانیوں بارے تازہ ترین رپورٹ طلب کر لی

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء) وفاقی محتسب سیکرٹریٹ نے وزارت خارجہ سے ان غیر ممالک میں تعینا ت سفیروں اور ہائی کمشنرز کی آراء اور معلومات پر مبنی تازہ ترین رپورٹ طلب کر لی ہے جن ممالک کی جیلوں میں پاکستانی قید ہیں۔وفاقی محتسب کے گریوینس کمشنر برائے اوور سیز پاکستانیز حافظ احسن احمد کھوکھر نے بھی اس سے قبل وزارت خارجہ کو ہدایت جاری کی تھی کہ دنیا بھر میں غیر ملکی جیلوں میں قید پاکستانیوں تک قونصلر رسائی اور قانونی مشاورت کیلئے اقدامات اور قانونی دائرہ کار کے اندر ان کے مسائل دور کرنے کی غرض سے خصوصی دورے بھی کئے جائیں۔

وزارت خارجہ کی جانب سے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کو بھیجی گئی رپورٹ میںبتایا گیا تھا کہ 8835 پاکستانی مختلف ملکوں کی جیلوں میں قید ہیں۔

(جاری ہے)

گریوینس کمشنر نے اپنے ایک خط میں کہا ہے کہ اس معاملے کو حل کرنا ہماری قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے اور کیس ٹو کیس کی بنیاد پر غیر ملکی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو قانونی اور قونصلر رسائی کا میکنزم فراہم کیا جائے۔وفاقی محتسب سیکرٹریٹ نے وزارت خارجہ سے اس ضمن میں تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور اب جنوری2017ء کے پہلے ہفتے میں وفاقی محتسب کے اوورسیز پاکستانیز کی داد رسی کے گریوینس کمشنراس معاملہ کا جائزہ لیں گے۔