مذہبی تعصبات اور رنگ ونسل سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کرنا لائق تحسین ہے۔فاروق عزیز حیدر

جمعہ 23 دسمبر 2016 22:40

سرگودھا۔23 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء)مذہبی تعصبات ‘ گروہی اختلافات اور رنگ ونسل سے بالاتر ہو کر صرف اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے انسانیت کی خدمت کرنا لائق تحسین ہے۔ یہ بات ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر فاروق عزیز حیدر نے نجی فلاحی تنظیم کی طرف سے آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے متاثرین میں میڈیسن اور بستروں پر مشتمل تین لاکھ روپے کے سامان کی روانگی کی تقریب کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر فاروق حیدر عزیز نے متاثرین ایل او سی کیلئے ضروریات زندگی پر مشتمل سامان کی روانگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلمان مذہبی ا ور علاقائی تعصبات سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایسی کاوشوں کی کی پیروی دوسرے مخیر حضرات کو بھی کرنی چا ہیے تاکہ دنیا میں جہاں کہیں بھی کسی کو کوئی مشکل لاحق ہو تو ان کی خدمت کیلئے اپنے آپ کو پیش کیا جائے اور یہ چیزیں اللہ تعالیٰ کے ہاں نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔ متاثرین ایل او سی آزادکشمیر کے 150خاندانوں کیلئے گرم بستر اور 150 راشن پیکٹ بھجوائے گئے راشن پیکٹ میں چار کلو چاول ‘ اڑھائی کلو دال ‘ دوکلو گھی ‘ مرچ ‘ نمک ‘ چائے ‘ بیسن اور دس کلو آٹا کے علاوہ دودھ کے پیکٹ شامل ہیں ۔