ڈی اوسی کی زیر صدارت زرعی ٹاسک فورس برائے انسداد ملاوٹ پیسٹی سائیڈ و کھاد کا اجلاس

جمعہ 23 دسمبر 2016 22:40

ڈی جی خان۔23 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء)ڈی او سی میاں اقبال مظہر نے کہاہے کہ زرعی ادویات میں ملاوٹ کرنے اور کوالٹی کنٹرول برقرار نہ رکھنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لا کر انہیںبھاری جرمانے عائد کیے جائیں ․ پیسٹی سائیڈ اور کھادوں میں ملاوٹ کے تمام زیر التواء کیسوں کو تیزی سے نمٹایا جائے ․ انہوںنے یہ ہدایات زرعی ٹاسک فورس برائے انسداد ملاوٹ پیسٹی سائیڈ و کھاد کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں ․ ڈی او سی نے کہاکہ حکومت نے کھادوں اور زرعی ادویات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی ہے جس کی سختی سے مانیٹرنگ کی جائے گی ․ غیر معیاری زرعی ادویات میں ملوث عناصر زراعت او رکسانوں کے دشمن ہیں ان سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ․اجلاس کو بتایاگیاکہ ضلع میں مختلف کھادوں اور پیسٹی سائیڈمارکیٹو ں سے اب تک کھاد و زرعی ادویات کے 236نمونے حاصل کیے گئے جن میں سے 231کے رزلٹ وصول ہوچکے ہیں اور 215فٹ جبکہ چھ نمونوں کو ان فٹ قرار دیاگیاہے جن کے مالکان سے 26ہزار روپے جرمانہ وصول کر کے ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر درج کرادی گئی ہیں ․ اسی طرح محکمہ زراعت توسیع او رپیسٹ وارننگ کی طرف سے پیسٹی سائیڈ اور کھادوں کے 192کیس رجسٹرڈ ہوئے ہیں جن میں سے 35کیس عدالتوں میں زیر سماعت ہیں ․ ڈی او سی نے ای ڈی او زراعت کو ہدایت کی کہ وہ کسانوں کو فصل ربیع و خریف کیلئے بلاسود قرضوں کی فراہمی کے سلسلے میں مکمل معاونت فراہم کریں اور طریقہ کار کو آسان بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ․ اجلاس میں محکمہ انہار ، زراعت واٹر منیجمنٹ ، لائیو سٹاک اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے ۔