مسیحی برادری کی سہولت کیلئے ضلع میں سات سستے کرسمس بازار فنکشنل ہیں۔ ڈی سی او

جمعہ 23 دسمبر 2016 22:40

فیصل آباد۔23 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر مسیحی برادری کی سہولت کیلئے ضلع میں سات سستے کرسمس بازار کرسچن ٹائون عیدگاہ روڈ،پینٹوگرائونڈ وارث پورہ،شمس پورہ باالمقابل چرچ تاندلیانوالہ،سہولت بازار جڑانوالہ،چرچ سے ملحقہ کھرڑیانوالہ،لیاقت پارک سمندری باالمقابل ٹی ایم اے کمپلیکس اور چک جھمرہ میں کیتھولک چرچ میں فنکشل ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ان بازاروں میں گوشت، پولٹری، آٹا، چینی،گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ کنٹرول اور رعایتی نرخوں پر مسیحی برادری کی دہلیز پر فراہم کی جارہی ہیں۔دریں اثنائضلعی انتظامیہ نے مسیحی برادری کی سہولت و خوشیوں کے لئے کرسمس کے موقع پر مختلف تفریحی مقامات کی ٹکٹ میں پچاس فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں اقبال سٹیڈیم کے قریب فن لینڈ وسندباد اور جھنگ روڈ پر فن دنیا کی انتظامیہ کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں کہ وہ کرسمس کے روز تفریح کے لئے مسیحی فیملیز کو ٹکٹ میں پچاس فیصد رعایت دیں ۔

ڈی سی او سلمان غنی نے کہا کہ ہم سب مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں اور ان کی سہولیات اور آسائش کا ہر ممکن خیال رکھا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر شہر کے تفریحی پارکس میں خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں جن میں ضروری سیکورٹی کے علاوہ صفائی ستھرائی و تزئین و آرائش کو یقینی بنایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گرجا گھروں کی سیکورٹی کے لئے جامع پروگرام ترتیب دیا گیا ہے تاکہ کرسمس کے موقع پر عبادات کے سلسلے میں پر سکون اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔

متعلقہ عنوان :