حکومت مدارس کو قومی دھارے میں لانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے،یہ کام تعلیمی اصلاحات کے ذریعے کیا جائے گا

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کا اجلاس میں اظہار خیال

جمعہ 23 دسمبر 2016 22:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء) حکومت مدارس کے نصاب میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے لئے تمام دینی علما کواعتماد میں لے کرمدارس کو قومی دھارے میں لانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، یہ کام تعلیمی اصلاحات کے ذریعے کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ایک اجلاس میں کیا جو کہ نیشنل ایکشن پلان (این اے پی) کو مزید مؤثراور با مقصد بنانے کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کے سلسلہ میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر مملکت بلیغ الرحمنٰ بھی موجود تھے ،انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کوئی بھی اکیلے کام کرتے ہوئے ہدف حاصل نہیں کر سکتا،اس مقصد کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں اکٹھے مل کر کام کر رہی ہیں ۔ وزارت مذہبی امور ملک کے بہترین مفاد میں مدارس کے نظام کو قومی دھارے میں لانے کے لئے پر عزم ہے۔

(جاری ہے)

دونوں وزراء نے اجلاس کے دوران اس بات پر اتفاق کیاکہ مدارس میں ایسا یکساں تعلیمی نظام لایا جانا چاہئیے جس سے مدارس کے طلبا ء استفادہ کر سکتے ہوںاور یہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ملک کی ترقی میں کردار ادا کر سکیں اور ملک کے بہترین مفاد میں ہو اور اس تعلیم سے خود یہ طلباء بھی مستفید ہوں ۔

انہوں نے اجلاس کے دوران مختلف نکات پر تبادلہ خیال کیا اور مدارس کے نصاب کو ان سکولوں کے مطابق بنانے اور اپ گریڈنگ جیسے اقدامات تجویز کئے ۔ دونوں وزراء نے نفرت انگیز اور فرقہ واریت کو فروغ دینے والی پبلیکیشنز کی روک تھام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔