پاکستان رینجرز سندھ کا غیرقانونی اسلحہ کی موجودگی کی اطلاع پر ایک کمپنی کے دو دفاتر پر چھاپہ

جمعہ 23 دسمبر 2016 22:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء) پاکستان رینجرز سندھ نے غیر قانونی اسلحہ کی موجودگی اور شرپسند عناصر کی مالی معاونت کرنے کی مصدقہ اطلاعات پر مصروف شاہراہ آئی آئی چندریگر روڈ اور ہاکی اسٹیڈیم میں واقع ایک کمپنی کے دو دفاتر پر چھاپہ مارا۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چھاپے کے دوران 5 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ بھاری تعداد میں اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا جو خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

گرفتار کئے گئے ملزمان میں شہزاد شاہد، رجب علی راجپر، اجمل خان، کامران منیر انصاری اور کاشف حسین شاہ شامل ہیں۔ برآمد کئے گئے اسلحے اور ایمونیشن میں 17 عدد کلاشنکوف، 4 عدد پسٹل، 3225 مختلف اقسام کے ایمونیشن اور 9 عدد بال بم شامل ہیں۔ چھاپے کے دوران اہم دستاویزات بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔ قبضے میں لئے گئے اسلحہ، ایمونیشن اور دستاویزات کے ریکارڈ کی چھان بین کے بعد سہولت کاروں اور پراپرٹی کے مالکان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔