فلپائن ایمبیسی کی فون آپریٹر کے گھر پر چھاپہ،کروڑوں روپے مالیت کی 40 ہزار بوتل شراب برآمد، 2 ملزم گرفتار ،ملزمہ دو ساتھیوں سمیت فرار ہوگئی

جمعہ 23 دسمبر 2016 22:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء) تھانہ شالیمار پولیس نے اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ فلپائن ایمبیسی کی فون آپریٹر کے گھر پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کی 40 ہزار بوتل شراب برآمد کر لی ، 2 ملزم گرفتار جبکہ ملزمہ دو ساتھیوں سمیت فرار ہوگئی۔ پولیس نے شراب برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا اور تحقیقات شروع کردیں۔ تفصیلات کے مطابق تفتیشی افسر تھانہ شالیمار پولیس نے بتایا کہ دوران گشت ملزم عمران کو گرفتار کیا جس سے 10 بوتل شراب برآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

تفتیش کے دوران ملزم نے بتایا کہ وہ یہ شراب فلپائن ایمبسی کی ٹیلی فون آپریٹر انیلہ سے اس کی رہائش گاہ مکان نمبر 25 گلی نمبر 54 سیکٹر ایف الیون فور اسلام آباد سے لایا ہے اور عرصہ دراز سے شراب فروشی کا دھندہ کررہا ہے جس پہ شالیمار پولیس نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ مذکورہ مکان پر چھپاہ مار کر چالیس ہزار سے زائد شراب کی بوتلیں برآمد کرکے قبضے میں لے لیں اور دو ملزمان یونس اور شبیر کو موقع پر گرفتار کرلیا جبکہ تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمہ انیلہ اور اس کے دو نامعلوم ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کے مطابق ملزمہ تقریباً تین سال سے فلپائن ایمبسی میں فون آپریٹر کے طورپر ملازمت کررہی ہے،مزید تحقیقات جاری ہیں۔