Live Updates

حکمران سر کاری وسائل کو اپنی ’’جاگیر ‘‘سمجھ کر سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں ‘ اعجاز چوہدری

شریف براداران قوم کے مسائل حل کر نے کی بجائے انکو جھوٹی تسلیاں دینے میں مصروف ہیں مگر قوم انکے جھانسوں میں نہیں آئیں گے ، تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدرکابیان

جمعہ 23 دسمبر 2016 22:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ حکمران سر کاری وسائل کو اپنی ’’جاگیر ‘‘سمجھ کر سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں ،شریف براداران قوم کے مسائل حل کر نے کی بجائے انکو جھوٹی تسلیاں دینے میں مصروف ہیں مگر قوم انکے جھانسوں میں نہیں آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ناکام اورفراڈ منصوبے دینے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، سستی روٹی، مکینیکل تنور، آشیانہ ہاؤسنگ سکیم، دانش سکول، گرین ٹریکٹر سکیم کی طرح اورنج لائن منصوبہ بھی ناکام منصوبوں کی فہرست میں جلد شامل ہوگا۔ اپنے جاری بیان میں انہو ں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سستی روٹی منصوبے پر 24 ارب خرچ کیے جو کرپشن اورنااہلی کی نظر ہوئے ان 24 ارب میں سے 14 ارب روپے کمرشل بینکوں سے لیے گئے جن پرپروگرام بند ہونے کے باوجود سود ادا کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شریف برادران کے جعلی ترقیاتی منصوبے قومی خزانے کو تباہ کررہے ہیں،صوبہ کنگال اور کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے، 480 ارب کے سرپلس صوبے کو خادم اعلیٰ کی ناکام سکیمیوں نے 636 ارب سے زائد کا مقروض بنا دیا ہے، لیپ ٹاپ سکیم بھی ناکام ثابت ہوئی جسے کمیشن کی خاطر جاری رکھا گیا ہے۔پنجاب حکومت مکمل طور پر نا کا م ہو چکی ہے ،شریف براداران نمائشی منصوبوںاور کمیشن بنانے میں مصروف ہیں ، عام آدمی کا کو ئی پرسان حال نہیں ،صحت کی سہولتوں کا فقدان ہے ، مارکیٹ میں جعلی ادویات کی فروخت جاری ہے اور نام نہاد خادم اعلی قوم کے ٹیکسوں کے پیسوں سے صرف اشتہارات چھپوا ر ہے ہیں ۔

قوم کو کرپٹ حکمرانوں کیخلاف اُٹھ کھڑا ہو نا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ شہباز شریف نے لاہور سمیت صوبے کو جرائم کا گڑ بنا دیا ہے، شہباز شریف ڈالفن فورس کے ہوتے ہوئے لاہور میںکروڑوں روپے کے ڈاکے پڑ رہے ہیںلاہور میں نااہل حکمرانوں کی وجہ سے کراچی جیسے حالات پیدا ہوچکے ہیں دن دھاڑے ڈاکوں عوام کو لوٹ رہے ہیں کوئی کاروائی کرنے والا نہیں اور یہ سب کچھ شہباز شریف کی ناک کے نیچے ہورہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات