وزیر اعظم نے اہم قومی امور پر تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کو اعتماد میں لیا‘رفیق رجوانہ

موجودہ حکومت محض حکمرانی کرنے پر نہیں عوام کی صحیح اور حقیقی معنوں میں خدمت کرنے کو اولین ترجیح سمجھتی ہے‘نواز شریف نے اہم قومی امور پر تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کو اعتماد میں لیا ،ضرب عضب کی کامیابی، کراچی میں اًمن کی بحالی اور ملک میں معاشی استحکام کا پروان چڑھنا حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا ثمر ہے گورنر پنجاب کی پاکستان ایئر فورس (ایئر وار کالج) کراچی کے 56رکنی وفد سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 23 دسمبر 2016 22:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 دسمبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت محض حکمرانی کرنے پر نہیں بلکہ عوام کی صحیح اور حقیقی معنوں میں خدمت کرنے کو اولین ترجیح سمجھتی ہے یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اہم قومی امور پر تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کو اعتماد میں لیا ہے،ضرب عضب کی کامیابی، کراچی میں اًمن کی بحالی اور ملک میں معاشی استحکام کا پروان چڑھنا حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا ثمر ہے۔

وہ جمعہ کو ایئر وائس مارشل پیر زادہ کمال الدین اے صدیقی کی سربراہی میں پاکستان ایئر فورس (ایئر وار کالج)، کراچی کے 56رکنی وفد سے گفتگو کررہے تھے جس نے گورنر ہائوس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کے تقریباً 20کروڑ پاکستانیوں کو اس بات پر فخر ہے کہ اس ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے دُنیا کی بہترین فوج اپنے فرائض کو ملی اور قومی فریضہ کی طرح نبھارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری تینوں مسلح افواج کا کردار ملک و قوم کی سلامتی اور حفاظت کے لئے ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے ضرب عضب میں پاکستانی ایئرفورس کا کردار بھی قابل فخر و ستائش ہے۔ گورنرنے کہا کہ پاکستان کے جوانوں اور افسروں کی پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لیے قربانیاں ہماری تاریخ کا ایک روشن اور اُجلا باب ہیںجنہوں نے مشکل حالات کے باوجود اندرونی اور بیرونی دشمنوں کی سرکوبی کے لیے ان گنت قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک امن پسند قوم ہیںہماری اس خوبی اور نقطہ نظر کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہبھارت کا حالیہ پانی کے حوالے سے جنون خطے کے امن میں بڑی رکاوٹ بن سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت دہشت گردی سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جس سے نبرد آزما ہونے کے لئے حکومت نیشنل ایکشن پلان پر بھر پور توجہ دے رہی ہے۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے شرکاء کی جانب سے کئے گئے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے۔

انہوںنے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے عملدرآمد میں مشکلات ضرور ہیں لیکن ہم مجموعی طور پر اس میں کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے نتائج کو مزید موثربنانے کے لیے بلوچستان اور دیگر دور افتادہ علاقوں میں بنیادی صحت اور تعلیم پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ تعلیمی ادارے قائم کئے جارہے ہیں تاکہ خطے میں دیر پا امن قائم ہو سکے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ سی پیک منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ اس سے منسلک دیگر ممالک بھی استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا پاک چائنہ کاریڈور منصوبہ ہمارا قومی ایجنڈا ہے جس سے ملک کے تمام صوبے مستفید ہوںگے۔ گورنر نے کہا عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے نچلی سطح پر فنڈز مہیا کیے جارہے ہیں تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔ قبل ازیں، وفد کے سربراہ کمانڈنٹ پی اے ایف (ایئروار کالج) ایئر وائس مارشل پیر زادہ کمال الدین اے صدیقی نے کورس کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔