برما ،شام اور کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف فیصل آباد میں بھی جے یو آئی کا احتجاجی مظاہرہ و ریلی

جمعہ 23 دسمبر 2016 22:59

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2016ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کی کال پر برما ،شام اور کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،جے یو آئی کے ضلعی امیرمخدوم زادہ سید ذکریا شاہ کی قیادت میں بیرون چنیوٹ بازار سے چوک ضلع کونسل تک ریلی نکالی گئی جس میںسینئر نائب امیر میاں محمد عرفان، نائب امیر مولانہ محمد یعقوب عثمانی،ضلعی جنرل سیکرٹری مفتی فضل الرحمن ناصر ،ضلعی سیکرٹری اطلاعات محمد یوسف انصاری ،سٹی جنرل سیکرٹری حافظ محمد عرفان ،سیکرٹری مالیات چوہدری فضل الہٰی ، ڈاکٹر زبیر ، محمد اشفاق انصاری ودیگر نے شرکت کی ۔

شرکاسے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر مخدوم زادہ سید ذکریا شاہ نے کہاکہ حلب اور روہنگایا(برما) میں مسلمانوں کے خلاف انسانیت سوز سلوک اور بیہمانہ قتل عام پر عالم اسلام ، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے تحفظ کی دعویدار تنظیموں کی خاموشی مجرمانہ ہے۔

(جاری ہے)

یورپی ممالک میں چند افراد کے قتل پر اقوام متحدہ فوری طور پر حرکت میں آجاتی ہے مگر مسلمانوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ سمیت تمام تنظیمیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن نے عالم اسلام کو مسلمانوں کے حقوق کی طرف متوجہ کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا ہے۔انہوں نے کہاکہ انسانیت کے دعویدار مسلمانوں کو محض مسلمان ہونے کی بناپرمظالم کا نشانہ بنارہے ہیںاور بچوں کو زندہ جلائے جانے پر بھی انسانیت کے علمبردار وں نے آنکھیں موند رکھی ہیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان اور ملک کی تمام سیاسی اور مذہبی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ شام اور برما کے مسلمانوں کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کریں ۔جمعیت علماء اسلام شام ، برما اور کشمیر کے مسلمانوں کی جدوجہد کی حمایت کرتی رہے گی اور ان کے حق میں آوازبلند کرنا اپنا مذہبی فریضہ سمجھتی ہے۔

متعلقہ عنوان :