کے فور پروجیکٹ منجمینٹ یونٹ تمام محکموں سے رابطہ پر یقین رکھتی ہے،سلیم صدیقی

عظیم منصوبہ آب رسانی کے فور واٹر بورڈ اور محکمہ آبپاشی سندھ کامشترکہ منصوبہ ہے،کے فور کی کامیابی کے لیے دونوں اداروں کے درمیان تعاون ضروری ہے، پروجیکٹ ڈائریکٹر

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2016ء) کے فور پروجیکٹ منجمینٹ یونٹ تمام محکموں سے رابطہ پر یقین رکھتی ہے ۔محکموں کے درمیان اشتراک سے ہی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے ۔عظیم منصوبہ آب رسانی کے فور واٹر بورڈ اور محکمہ آبپاشی سندھ کامشترکہ منصوبہ ہے۔کے فور کی کامیابی کے لیے دونوں اداروں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔اِن خیالات کا اظہارکے فورمنصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر سلیم صدیقی نے محکمہ آبپاشی سندھ سے ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا۔

سلیم صدیقی نے بتایا کہ کے فور منصوبہ مجموعی طور پر65کروڑگیلنیومیہ واٹر سپلائی کا منصوبہ ہے جو تین مراحل میں مکمل ہوگا۔ اِس وقت کے فور کے پہلے مرحلہ پر کام جاری ہے جو کہ جون2018- تک مکمل کرلیاجائے گا۔ اسی طرح کے فورفیز2-بھی جلد شروع ہوگاجس کا جون2019- تک مکمل ہونے کا قوی اِمکان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ آبپاشی سندھ کے چیف انجینئر اِرشاد میمن نے پانچ رُکنی اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ پروجیکٹ ڈائریکٹر کے فور سے ملاقات کی اور کنجھر جھیل کے مختلف اُمور پر تفصیلی تبادلہ ِخیال کیا۔

اس موقعے پر سپرنٹنڈنگ انجینئر عبدالقادر پلیجو، اکرام اللہ قریشی،ایگزیکیٹو انجینئر اعجاز احمد قریشی موجود تھے۔اس موقع پر چیف انجینئر اِرشاد میمن نے کہا کہ اس وقت کنجھر جھیل کی سطح54فٹ ہے۔ اسے برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے فورکے فیز1-اور فیز 2-کو پانی فراہم کرنے کے لیے کلری بگھار فیڈز(کے بی فیڈر) کا استعمال کیا جائے گا اور اس حوالے سے پانی کی ضیاع کو روکنے کی ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

ملاقات میں کے فور کے ایس ای سید قیصر علی اورایگزیکیٹو انجینئرمعین احمد موجود تھے۔اس موقع پر یہ بھی طے کیا گیا کے فور کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اپنی ٹیم کے ہمراہ آئندہ ماہ محکمہ آبپاشی کے انجینئر کے ساتھ کوٹری بیراج اور کلری بگھار فیڈر اور دیگر علاقوں کا دؤرہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :