کراچی میں ایک لاکھ سے زائد اسٹریٹ چلڈرنز کی بحالی ہم سب کی ذمہ داری ہے ، ڈاکٹر ارشد وہرہ

اسٹریٹ چلڈرنزکی بحالی کے لئے شہر میں مختلف مقامات پر کھیل اور تفریح کے مواقع فراہم کئے جانے چاہئیں، ڈپٹی میئر

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2016ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ کراچی میں ایک لاکھ سے زائد اسٹریٹ چلڈرنز کی بحالی اور انہیں بہتر زندگی کے موقع مہیا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے بزنس کمیونٹی، ملٹی نیشنل ادارے اور مخیر حضرات اس ضمن میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں یہ بات انہوں نے مختلف این جی اوز کے نمائندوں کے ساتھ اسٹریٹ چلڈرنز کی بحالی کے حوالے سے منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پرسٹی کونسلر منگلا شرما ،سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، آزاد فائونڈیشن کے سی ای او نوید حسن خان، مسلم ہینڈز یوکے ،چلڈرن فائونڈیشن کراچی سمیت دیگر تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ کراچی میں اسٹریٹ چلڈرنز کی چار کیٹگریز جن میں سڑکوں پر رہنے اور وہیں کھانے پینے والے بچے، سڑکوں پر مختلف اشیائے فروخت کرنے والے بچے، سڑکوں پر ٹھیلے اور پتھاروں پر کام کرنے والے بچے اور وہ بچے شامل ہیں جنہیں اگرچہ شیلٹر اور چھت حاصل ہے مگر وہ اسکول جانے سے محروم ہیں اور چائلڈ لیبر کے طور پر زندگی گزار رہے ہیں ان بچوں کی نہ صرف بحالی ممکن ہے بلکہ انہیں دوبارہ اسکول بھیج کر ان کا تعلیمی سلسلہ پھر سے شروع کیا جاسکتا ہے، آزاد فائونڈیشن کے سی ای او نوید حسن خان نے بتایا کہ 2014ء کے اسٹریٹ چلڈرن اولمپکس میں پاکستان نے 7 گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلا نمبر حاصل کیا جو قابل ذکر کارکردگی تھی اگر ان بچوں کو کھیل کے بہتر مواقع مہیا کئے جائیں تو یہ دنیا میں پاکستان کا مزید روشن کرسکتے ہیں، ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ اسٹریٹ چلڈرنز کا مسئلہ نہایت اہمیت کا حامل ہے اور شہر کے دیگر مسائل کی طرح ہمیں اس طرف بھی بھرپور توجہ دینی ہوگی، اسٹریٹ چلڈرنزکی بحالی کے لئے شہر میں مختلف مقامات پر کھیل اور تفریح کے مواقع فراہم کئے جانے چاہئیں جبکہ ان کی تعلیم اور رہائش کے انتظامات بھی ضروری ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیگر شہروں سے بے شمار گھرانوں نے کراچی میں ہجرت کی ہے جبکہ مختلف قدرتی سانحات کے نتیجے میں بھی لوگوں کی بڑی تعداد کراچی آکر آباد ہوگئی جس سے نہ صرف کراچی کی آبادی میں مسلسل اضافہ ہوا بلکہ اسٹریٹ چلڈرنز کی تعداد بھی بڑھتی گئی ، ڈپٹی میئر کراچی نے اس موقع پر ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جس میں ڈائریکٹر لینڈ، ڈائریکٹر کچی آبادی اور سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن کو شامل کیا گیا ہے یہ کمیٹی اسٹریٹ چلڈرنز کی بحالی سے متعلق ان تمام اداروں کی مدد کرے گی جو ان بچوں کو بہتر معیار زندگی مہیا کرنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :