ایم این اے عبدالمجید خان خنان خیل کا ضلع میں زیر عمل ترقیاتی سکیموں کی معیاری اورتیزرفتار تکمیل یقینی بنانے کی ضرورت پر زور

پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ ،پراونشل ہائی ویز ،بلڈنگز اوردیگر متعلقہ تعمیراتی محکموںکے انتظامی افسران کو ہدایات جاری

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:27

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2016ء)ایم این اے عبدالمجید خان خنان خیل نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع میں زیر عمل ترقیاتی سکیموں کی معیاری اورتیزرفتار تکمیل یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے اوراس ضمن میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ ،پراونشل ہائی ویز ،بلڈنگز اوردیگر متعلقہ تعمیراتی محکموںکے انتظامی افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ترقیاتی سکیموں کی متواتر انسپکشن یقینی بنائی جائے تاکہ ان کی تعمیروتکمیل میں تاخیر یاناقص معیار کااحتمال نہ رہے۔

انہوں نے یہ ہدایات ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔اجلاس میں ایم پی ایزملک غضنفرعباس چھینہ اورعامر عنایت خان شہانی ،ڈی سی او احمد مستجاب کرامت اور متعلقہ تعمیراتی محکموں کے افسرا ن نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے آغاز پر ڈی او پلاننگ حفیظ الرحمن اولکھ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ،پراونشل بلڈنگز اور پراونشل ہائی ویز کی تعمیراتی سکیموں کی تفصیل واضح کی۔

ایم این اے عبدالمجید خان خنان خیل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تعمیراتی محکموں کے افسران کو تاکید کی کہ تمام تر ترقیاتی عمل کی تکمیل مقررہ ترجیحات کے مطابق یقینی بنائی جائے اور اس ضمن میں تعمیراتی میٹریل کی کوالٹی پرکڑی نظررکھی جائے۔انہوں نے واضح کیاکہ ناقص معیار کو قطعاًبرداشت نہیںکیاجائے گا۔اجلاس سے ایم پی ایز غضنفرعباس چھینہ اور عامر عنایت خان شہانی نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے ضلع کے ترقیاتی عمل کی معیاری تکمیل کے سلسلہ میں آراء وتجاویزدیں اورکہاکہ عوام کو ترقیاتی ثمرات کی جلدازجلد فراہمی یقینی بنانے کی ترجیح کوبطور خاص مدنظررکھاجائے۔