ْالزام تراشی کی منفی سیاست کی شفافیت اور خدمت کی سیاست کے سامنے کوئی حیثیت نہیں:شہبازشریف

بلدیاتی الیکشن کے مراحل بخیروخوبی سرانجام پائے ہیں، مسلم لیگ(ن) نے ہر مرحلے میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے عوام نے بلدیاتی نمائندوں پر جس اعتماد کا اظہار کیا انہیں اس پر پورا اترنا ہے اورعوامی خدمت کو شعار بنانا ہے، اختیارات اورذمہ داری کیساتھ چیک اینڈ بیلنس بھی ضروری ہے :وزیراعلیٰ کا اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے انتخابات کے تمام مراحل بخیروخوبی سرانجام پائے ہیںاورعام انتخابات کی طرح بلدیاتی الیکشن میں بھی مسلم لیگ(ن) نے ہر مرحلے میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے اوریہ کامیابی عوام کی بے لوث خدمت کا نتیجہ ہے ۔ اقتدار صرف اور صرف عوام کی خدمت کا ذریعہ ہے اوروزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کی دیانتداری کے ساتھ بے لوث خدمت کررہی ہے ۔

الزام تراشی کی منفی سیاست کی شفافیت اور خدمت کی سیاست کے سامنے کوئی حیثیت نہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یہ بات آج یہاں اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں بلدیاتی نظام کے حوالے سے متعدد امور کا جائزہ لیاگیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے بلدیاتی انتخابات میں شاندار فتح پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور ہے ۔

انہوںنے کہا کہ بلدیاتی ادارے شہریوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کا موثر نظام ہے۔ بلدیاتی انتخابی عمل کی تکمیل ہوئی ہے، اب اس نظام سے نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ۔بلدیاتی اداروں کے قیام سے ترقی کا عمل مزید تیزی سے آگے بڑھے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام نے بلدیاتی نمائندوں پر جس اعتماد کا اظہار کیا انہیں اس پر ہر صورت پورا اترنا ہے اور نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کو عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ اختیارات کو ذمہ داری کیساتھ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے استعمال کرنا ہے ۔بلدیاتی اداروں کی قیادت کو قومی جذبے اورعزم کیساتھ کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نئے نظام میں اختیارات اورذمہ داری کیساتھ چیک اینڈ بیلنس بھی ضروری ہے ا ورنومنتخب بلدیاتی قیادت کو بھی عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا۔

صوبائی وزراء منشاء اللہ بٹ،ملک ندیم کامران،یاورزمان،عائشہ غوث پاشا،اراکین قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف،مہراشتیاق احمد،چیف سیکرٹری ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سابق ایم پی اے سمیع اللہ خان،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات کی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔