لاہور، الخدمت فائونڈیشن نے کرسمس کی مناسبت سے 500 مستحق اور نادارمسیحی خاندانوں میں راشن پیک ،گرم کپڑے اور تحائف تقسیم کردیئے

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2016ء) الخدمت فاؤنڈیشن نے کرسمس کی مناسبت سے ٹاؤن شپ میںپروقار تقریب کا انعقاد کیا جس میں 500 مستحق اور نادارمسیحی خاندانوں میں راشن پیک،گرم کپڑے اور تحائف تقسیم کئے گئے۔جس کا مقصد مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیوں میں شریک کرنا ہے ۔تقریب میںالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص اور مقامی مسیحی رہنماسمیت معززین علاقہ اور مسیحی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سید احسان اللہ وقاص نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن بلا تعصب رنگ و نسل اور مذہب دکھی انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ خوشیاں منانا ہر انسان کا بنیادی حق ہے اورکرسمس کا تہواردوسروں کو خوشیوں میں شریک کرنے کا درس دیتا ہے۔

(جاری ہے)

الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میںمسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوںکے تہواروں پرمختلف تقریبات کا انعقاد کرتی ہے تاکہ خدمت خلق کے ساتھ ساتھ مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے جذبے کو پروان چڑھایا جا سکے۔

مقامی سماجی رہنما خالد بٹ نے بتایا کہ گزشتہ 12 سال سے ٹائون شپ سمیت لاہور کے دیگر علاقوں میں مسیحی برادری کے لئے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ مستحق خاندانوں میں سروے کے بعدپہلے سے ہی مستحق افراد کو کوپن جاری کر دیے گئے تھے۔(سعید)

متعلقہ عنوان :