بلدیاتی اداروں کے انتخابات میں خریدو فروخت جمہوری اصولوں کے منافی ہے،صاحبزادہ حامد رضا

سیاست کو پیسے کا کھیل بنانے والے جمہوریت اور عوام کے دشمن ہیں، پاناما لیکس کا معاملہ حکمران خاندان کا تعاقب کرتا رہے گا، وفود سے گفتگو

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2016ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نا لائق حکمرانوں نے پاکستان کو مسائلستان بنادیا ہے۔ بلدیاتی اداروں کے انتخابات میں خریدو فروخت جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔ بلدیاتی اداروں کی سربراہی کے لئے اربوں روپے خرچ کرنے والے عوام سے مخلص نہیں ہوسکتے۔ سیاست کو پیسے کا کھیل بنانے والے جمہوریت اور عوام کے دشمن ہیں۔

پاناما لیکس کا معاملہ حکمران خاندان کا تعاقب کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ 2017ء پاکستانی سیاست کا فیصلہ کن سال ثابت ہو گا۔ کشکول توڑنے کے دعویداروں نے قرضے حاصل کرنے کے تمام ریکارڈتوڑ دیئے ہیں۔ کرپٹ افراد کو نفرت کی علامت بنانے کی ضرورت ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حرام کی کمائی والے کھرب پتیوں نے سیاست کو آلودہ کردیا ہے۔ بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کے انتخابات میں پیسے کی سیاست کا بھیانک چہرہ کھل کر سامنے آگیا ہے۔ نوٹوں اور لوٹوں کی سیاست نے ملک تباہ کردیا ہے۔ پاکستان کی ترقی کے لئے سیاست کو عبادت سمجھنے والے سیاستدانوں کی ضرورت ہے۔