پاکستان آرمی کی طرف سے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کیلئے تقریب کا انعقاد

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:44

چیچہ وطنی۔23 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء) پاکستان آرمی کی طرف سے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شامل ہونے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے گاسپل مشن چرچ میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں کرسمس کیک کے ساتھ ساتھ مسیحی برادری کے مستحق افراد میں پاکستان آرمی کی طرف سے اشیائے خوردونوش پر مشتمل راشن پیکٹ بھی تقسیم کئے گئے۔

تقریب میں پاکستان آرمی کی نمائندگی میر خلیل نے کی جبکہ بشپ آف ساہیوال ابراہم عظیم ڈینیل ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر رضوان نذیر اور مسیحی رہنما دلبر جانی کے علاوہ مسیحی رہنمائوں ،پادریوں اور عوام کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی ۔اے ڈی سی رضوان نذیر اورمیجر خلیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک خداد اد پر اقلیتوں کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا دوسروںکا کیونکہ اس ملک کی بنیادوں میں اقلیتی برادری کا خون بھی شامل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے ملک کی سلامتی کیلئے عظیم الشان قربانیاں دی ہیںجنہیں کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔تقریب میں مستحق اور غریب خاندانوں میں راشن کے 50 پیکٹ تقسیم کیے گئے جن میں آٹا ،چینی اور دالوں سمیت دیگر اشیائے خوردونوش شامل تھیں ۔تقریب میں کرسمس کیک بھی کاٹا گیا اور مختلف دعائیہ گانے بھی گائے گئے۔بشپ آف ساہیوال ابراہم عظیم ڈینیل نے ایثار کے اس جذبے پر پاک آرمی کا شکریہ ادا کیا ۔تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی ،دہشت گردی کے خاتمے اور پاکستان آرمی کی ہر شعبے میں کامیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔