حکومت پنجاب اور گلوبل کمپنی ہوائے ٹیکنالوجی پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ صوبہ میں ہوائے ای- ہیلتھ کئیر اور ای- ایجوکیشن سیلوشنز پائیلٹ پراجیکٹس کا آغاز کر ینگی

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2016ء) حکومت پنجاب اور گلوبل کمپنی ہوائے ٹیکنالوجی پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کے باہمی اشتراک سے صوبہ پنجاب میں ہوائے ای- ہیلتھ کئیر اور ای- ایجوکیشن سیلوشنز پائیلٹ پراجیکٹس کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ اس ضمن میں ہوائے ٹیکنالوجی کمپنی بلامعاوضہ صوبہ پنجاب میں ہیلتھ اور ایجوکیشن سیکٹرز کو اپ لفٹ کرنے کیلئے چار ہسپتالوں سمیت ایک یونیورسٹی، ایک کالج، ایک ہائی سکول اور ایک ایلیمنٹری سکول میں ای- سروسز پائیلٹ پراجیکٹس کا آغاز کرے گی۔

پہلے مرحلے میں چلڈرن ہسپتال لاہور، ڈسٹرکٹ ہسپتال مظفر گڑھ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں گوجرہ، رورل ہیلتھ سنٹرز خانقاں ڈوگراں شیخوپورہ میں ای - ہیلتھ کئیر سیلوشن کی فراہمی جبکہ تعلیمی اداروں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور، ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ لاہور، گورنمنٹ کالج ایلیمنٹری ٹیچرز ملتان اور گورنمنٹ ہائی سکول رائیونڈ لاہور میں ای- ایجوکیشن سیلوشن کا آغاز کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب جہانزیب خان نے محکمہ پی اینڈ ڈی میں ہوائے ای- ایجوکیشن اور ای- ہیلتھ پائیلٹ پراجیکٹس کے آغاز کے معاہدے پر حکومت پنجاب اور ہوائے ٹیکنالوجی پاکستان کمپنی کے مابین دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہوائے کمپنی سیف چی سمیت صوبائی سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر پنجاب نجم احمد شاہ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر علی جان، محکمہ ایجوکیشن کے سینئر نمائندہ افسران کے علاوہ محکمہ پی اینڈ ڈی کے افسران نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کے دوران چیئرمین پی اینڈ ڈی جہانزیب خان نے بتایا کہ حکومت پنجاب پہلے سے ہی ہیلتھ اور ایجوکیشن سیکٹر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جس کیلئے گلوبل کمپنیز کی طرف سے تکنیکی معاونت اور ڈویلپمنٹ سپورٹ حاصل کی جا رہی ہے۔ گلوبل کمپنی کے وسیع تر تجربے اور ای سروسز سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔ ہیلتھ ، ایجوکیشن اور دیگر ڈویلپمنٹ سیکٹرز میں نمایاں اقدامات حکومت کی پالیسی کے اہم پلرز میں شامل ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہوائے ٹیکنالوجی کمپنی سیف چی نے کہا کہ ہوائے کمپنی صوبہ میں دیگر ترقیاتی شعبوں میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا مذکورہ پائیلٹ پراجیکٹس کی مدد سے ہیلتھ اور ایجوکیشن سیکٹر میں واضح بہتری نظر آئیگی۔