پیغمبر امن و سلامتی کی محبت سے خالی دل مردہ ہیں:فیض الرحمن درانی

میلاد النبی ﷺ کی تقریبات کا انعقاد سیرت النبی ﷺ کے مطالعہ اور عشق مصطفی ﷺ کے اظہار کا ذریعہ ہے، جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2016ء)امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ پیغمبر امن و سلامتی کی محبت سے خالی دل مردہ ہیں۔ ایسے مردہ دلوں کو عشق مصطفیؐ اور اطاعت مصطفی ؐ سے آباد کیا جائے ۔میلاد النبی ؐ کی تقریبات کا انعقاد حب رسولؐکے اظہار اور سیرت النبی ؐ کے مطالعہ کا ذریعہ ہیں۔وہ گزشتہ روز جامع مسجد المنہاج میں جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ میلاد النبیؐ کی محافل کا انعقاد سے نوجوان نسل کے اخلاق سنوارنے، فہم دین کو عام کرنے میں مدد مل رہی ہے تاہم خوشی کے اظہار میں دنیاوی آلائشوں کو شامل نہ کیا جائے۔ مشاہدے میں آیا ہے کہ لادین عناصر میلاد النبی ؐ کی تقریبات کی آڑ میں ایسا رویہ اختیار کرتے ہیں جو جہالت اور بے ادبی پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

میلاد النبی ؐکے جشن کا تعلق ہر گز ہر گز سر سنگیت سے نہیں ہے ۔

اس حوالے سے اساتذہ ،آئمہ نئی نسل کی تربیت کریں اور میلاد النبی ؐ کے حوالے سے اور سیرت النبی ؐ کے اصل پیغام کو عام کریں جوپیغام اطاعت رسول اللہ ؐ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میلاد النبی ؐ کی محافل کے انعقاد میں ادب رسول ؐکو نظر انداز نہ کیا جائے۔ اللہ تعالیٰ نے خود قرآن میں حضور پاک ؐکا ادب اور ان کے سامنے اونچی آواز میں بات کرنے سے سختی سے منع فرمایا ہے۔ نبی اکرم ؐ کا سچا اور کھرا عاشق ادب کے پہلو کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ سن لے دنیا اور آخرت کی کامیابی قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونے میں ہے اور قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونے کی پہلی سیڑھی حب مصطفی ؐ اور عشق رسول اللہ ؐ ہے۔