جماعت اسلامی کا 2017ء میں کرپشن کے خلاف جہاد جاری رکھنے کا عزم

پانامہ لیکس کے حوالے سے عدلیہ نے تین ماہ میں کوئی کارروائی نہیں کی، سراج الحق

ہفتہ 24 دسمبر 2016 00:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق نے 2017ء میں کرپشن کے خلاف جہاد جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کرتے وہئے نئے سال میں عوامی رابطہ ہم شروع کرنے اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف عدالتوں میں ان کا پیچھا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے عدلیہ نے تین ماہ میں کوئی کارروائی نہیں کی۔ موجودہ چیف جسٹس آف پاکستان نے تمام معاملات کا بوجھ آنے والے چیف جسٹس پاکستان کے کندھوں پر ڈال دیا ہے لیکن جماعت اسلامی منتخب ایوانوں کے ساتھ ساتھ عدالتوں میں بھی کرپشن کے خلاف جہاد جاری رکھے گی اور اگر انہیں مایوس کیا گیا تو جماعت اسلامی سڑکوں پر احتجاج کنے سے گریز نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ رواں سال2016ء ختم ہونے کو ہے لیکن ملک سے نہ تو لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا گیا اور نہ ہی نوجوانوں کے لئے بے روزگاری کا خاتمہ کیا گیا۔ 2016ء میں تجارت کا توازن بری طرح متاثر ہوا جبکہ حکمرانوں کا رجحان ہندوستان کی طرف لگا رہا۔ پاکستان کی منڈیاں اور بازار ہندوستانی اشیاء کے تابع رہیں جبکہ وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان کے عوام کے کندھوں پر قرضوں کا کوہ ہمالیہ کھڑا کردیا ہے انہوں نے کہا کہ رواں سال میں ملک میں درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی ہوئی ہے۔

حکومت کے دامن پر کرپشن کے بڑے بڑے داغ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے موجودہ حکومت کے ساتھ کوئی معاملات نہیں ہیں۔ حکومت کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی نے تحریک چلائی لیکن حکومت نے ہماری ساری جدوجہد کو سبوتاژ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ میں پوری دنیا میں پانامہ لیکس کے چرچے آرہے ہیں لیکن حکومت نے کرپشن کے خلاف کوئی میکنزیم نہیں دیا۔(قیوم زاہد)