ایبٹ آباد، ایوب ٹیچنگ ہسپتال کوشوکت خانم کینسرہسپتال کی طرزپرمکمل طور پرکمپیوٹرائزڈ کردیاگیا

ہفتہ 24 دسمبر 2016 00:25

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 دسمبر2016ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال کوشوکت خانم کینسرہسپتال کی طرزپرمکمل طور پرکمپیوٹرائزڈ کردیاگیا۔ اس ضمن میں ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے انچارج انجینئرشہریارعلی نے صحافیوں کو بتایاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے صوبہ خیبرپختونخواہ کے تمام بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں میں شوکت خانم میموریل کینسرہسپتال میں استعمال ہونیوالے جدید ترین ہیلتھ انفارمیشن سسٹم لگانے کا فیصلہ کیاتھا۔

اس فیصلے کے بعد صرف ایچ ایم سی کی اوپی ڈی میں ہی اس سافٹ ویئر کانفاذ عمل میں لایاگیا ۔ تاہم سافٹ ویئر کیلئے مطلوبہ چیزیں اور سامان پورا نہ ہونے کی وجہ سے دیگرہسپتالوں میں یہ کام ابھی التواء کا شکارہے۔ تاہم الحمداللہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے انتظامی افسران کی بھرپور دلچسپی سے ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں ہیلتھ انفارمیشن سسٹم لگادیاگیاہے۔

(جاری ہے)

اس سافٹ ویئر کی قیمت کروڑوں روپے ہے۔ تاہم شوکت خانم کینسر ہسپتال کی جانب سے ایوب ٹیچنگ ہسپتال کو یہ سافٹ ویئر مفت فراہم کیاگیاہے۔ شوکت خانم کینسر ہسپتال کے بیس آئی ٹی انجینئرز نے ایوب ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور اس جدید ترین سافٹ ویئر کو استعمال کرتے ہوئے پوری ہسپتال کو کمپیوٹرائزڈ کردیاگیاہے۔ جس کے بعد ہسپتال کی فارمیسی سروسز، لیبارٹری، ایچ آر، اکائونٹس ڈیپارٹمنٹ، پے رول، انوینٹری مینجمنٹ سسٹم، آرٹیکل سٹور، ریڈیالوجی سمیت دیگر شعبوں کا تمام نظام کمپیوٹرائزڈ ہوگیاہے۔

انجینئرشہریارعلی نے مزید بتایاکہ ہسپتال کی لیبارٹری کی تمام مشینیں اس سافٹ ویئرکے ساتھ ڈائریکٹ منسلک ہیں۔ مریض کی رپورٹ تیار ہوتے ہی کمپیوٹرائزڈ نظام کی بدولت یہ رپورٹ متعلقہ وارڈ اور ڈاکٹر کے کمپیوٹر میں پہنچ جاتی ہے۔ جبکہ مریض کو بھی اس کی رپورٹ کے متعلق بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع کردی جاتی ہے۔ اور مریض پوری دنیا میں کہیں سے بھی انٹرنیٹ کے ذریعے اپنی رپورٹ چیک کرسکتاہے۔

ہزارہ کے لوگوں کو ہسپتال کی جانب سے اب خصوصی طور پر مفت ایم آر کارڈز جاری کئے جائیں گے۔ اس کارڈ میں مریض کا نام، موبائل نمبر، شناختی کارڈ نمبر، والد/ شوہر کا نام درج ہوگا۔ اس کارڈ میں مریض کی پیدائش سے لیکر موجودہ وقت تک کی تمام بیماریوں اور علاج کی تفصیلات موجود ہونگی۔ اگر کسی مریض کا کارڈ گم ہوجائے تو وہ اپنے نام یا موبائل نمبر کے ذریعے اپنی معائنہ سلپ حاصل کرسکیں گے۔

اس جدید ترین ہیلتھ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے لیبارٹری میں مریضوں کی تمام رپورٹیں کمپیوٹرائزڈ طریقے سے تیار ہونگی۔ اور متعلقہ مریض کی رپورٹ اس وقت تک آن لائن نہیں ہوگی۔ جبکہ ڈاکٹربھی مریضوں کی رپورٹس آن لائن چیک کریں گے۔مائیکروبائیالوجسٹ اس کی تصدیق نہیں کرے گا۔ تمام ملازمین کی حاضری بھی اس سافٹ ویئر کے ذریعے ہی لگے گی۔ اب تمام وارڈز کے ہیڈآف ڈیپارٹمنٹ، بشمول ٹی ایم اوز اور نرسیں مریض کے علاج کی تفصیلات کا اندراج سافٹ ویئر میں کریں گے۔

تمام عملے کی کارکردگی بھی اس سافٹ ویئر کے ذریعے ہی چیک کی جائے گی۔ عملے کی ڈیوٹیوں کا چارٹ بھی اس سافٹ ویئر کے ذریعے ہی تیار ہوگا۔ جس دن متعلقہ ڈاکٹر ، نرس یا دیگر ملازمین کی ڈیوٹی نہیں ہوگی۔ اس دن ان کی حاضری نہیں لگے گی۔ پہلے وارڈ سے مریضوں کے ٹیسٹ نجی لیبارٹریوں پر بھجوادیئے جاتے تھے۔ تاہم اس سافٹ ویئر کی بدولت ہر مریض کے ٹیسٹ کے ساتھ صرف بارکوڈ ہوگا۔ اس بار کوڈ کو صرف لیبارٹری میں سکینر کے ذریعے ہی ڈی کوڈ کرکے ٹیسٹ کیا جاسکے گا۔ جس سے مریضوں پر مالی بوجھ بھی کم ہوگا۔