صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان کی متعلقہ حکام کو گرلز کیڈٹ کالج مردان پر کام تیز تر کرنے کی ہدایت

ہفتہ 24 دسمبر 2016 00:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 دسمبر2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے متعلقہ حکام کوصوبے بلکہ ملک کی تاریخ کے پہلے گرلز کیڈٹ کالج مردان پر کام تیز تر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اس تاریخی میگا پراجیکٹ کی جلد از جلدتکمیل میں انتہائی سنجیدہ ہے اور اس کی ہر صورت بروقت تکمیل چاہتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں فنڈز کی کمی کسی صورت آڑے نہیں آنے دی جائے گی۔ یہ ہدایات انہوںنے جمعہ کے روز پشاور میںگرلز کیڈٹ کالج مردان سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں ۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر شہزاد بنگش،سپیشل سیکرٹری قیصر عالم اور دوسرے متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے کہا کہ مذکورہ کالج پر 3ارب روپے لاگت آئے گی اور باقاعدہ کلاسیں رواں تعلیمی سال سے عارضی عمارت میں شروع کی جائیں گی جبکہ اس کی اپنی عمارت ایک سال کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں ملک کی خواتین کی 52فیصد آبادی کو نظراندازکرنا خودکشی کے مترادف ہے اس لئے انہیںکسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ملک کی دیرپا ترقی و خوشحالی کے لئے انہیں قومی دھارے میں لازمی طورپرلانا ہوگایہی وجہ ہے کہ حکومت خیبر پختونخوا خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور نئی تعلیمی پالیسی میں لڑکیوں کے سکولوں کی شرح 35فیصد سے بڑھا کر 70فیصد کر دی ہے جبکہ ویمن یونیورسٹیوں کے قیام کوبھی تمام اضلاع تک بتدریج وسعت دے رہی ہے۔

عاطف خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت صوبے کے تمام سرکاری سکولوں میں ڈیجیٹل لیٹریسی کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اور سکولوںمیں جدید ترین آٹی لیب قائم کرنے کے ساتھ ساتھ پہلے مرحلے میں ہائیر سیکنڈری سکولوں میں انٹرایکٹیو وائٹ بورڈ لگارہی ہے جس سے اساتذہ کے علاوہ طلبہ بھی برابر مستفید ہوں گے انٹرایکٹیو وائٹ بورڈکی مدد سے طلبہ کو آڈیو ویژول کے ذریعے پڑھایا اور سمجھایا جائے گا۔اس طرح کمیونٹی کے لئے سرکاری سکولوں کے آئی ٹی لیب کے سیکنڈشفٹ شروع کئے جارہے ہیں تاکہ ان لیب کا موثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :