ازبکستان کی نائب وزیر اعظم کا پاکستان مانومنٹ کا دورہ، میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے استقبال کیا

ہفتہ 24 دسمبر 2016 00:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ازبکستان کے نائب وزیر اعظم الجبک روز وکلوف نے جمعہ کو پاکستان مانومنٹ کا دورہ کیا۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ازبکستان کے ڈپٹی پرائم منسٹر الجبک روز و کلوف کا استقبال کیا۔پاکستان مانومنٹ آمد پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے معزز مہمان کو بتایا کہ اسلام آباد منصوبہ بندی کے تحت تعمیر ہونے والا پاکستان کا پہلا شہر ہے۔

انہوں نے معزز مہمان کو اسلام آباد کی منصوبہ بندی اور اسلام آباد سے متعلق چیدہ چیدہ نکات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اسلام آباد کی تعمیر و ترقی اور منصوبہ بندی کے لیے وزیرِاعظم پاکستان محمد نوازشریف نے پہلی مرتبہ منتخب نمائندوں کو ذمہ داری سونپی ہے تاکہ ملک کے دارالحکومت میں منتخب عوامی نمائندے اپنی صلاحیتیں شہر کو خوبصورت اور سر سبز و شاداب بنانے کے لیے استعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان مانومنٹ پاکستان کی آزادی کی تحریک کو اجاگر کرنے کے لیے بنائی گئی ہے اور اس کا ڈیزائن ملک کے چاروں صوبوں بشمول کشمیر ،گلگت بلتستان اور فاٹا کی عکاسی کرتا ہے۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے بتایا کہ تحریک آزادی میں پاکستان کی عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ نائب وزیر اعظم نے پاکستان مانومنٹ میں میوزیم کا بھی دورہ کیا جہاں میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے انہیں قائد اعظم محمد علی جناح، ڈاکٹر علامہ محمد اقبال، سرسید احمد خان اور تحریک ِ آزادی پاکستان کے دیگر ممتاز راہنمائوں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔

معزز مہمان نے اسلام آباد کی خوبصورتی کو سراہتے ہوئے ان تفصیلات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور متعدد سوالات پوچھے۔

متعلقہ عنوان :