اقتصادی راہداری سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، بھارت اس منصوبے کو ناکا م کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، سی پیک کی وجہ سے پاکستان دشمنوں کی پیٹ درد میں مزید اضافہ ہوا ہے

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کا نور خان ترین اور قبائلی عمائدین کی جے یو آئی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 23 دسمبر 2016 16:44

کوئٹہ۔23دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور مرکزی سیکرٹری جنرل جمعیت علماء اسلام پاکستان مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ سی پیک ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،چین پاکستان کا بااعتماد دوست ہے ،چائنا پاکستان ا کنامک کوریڈور سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی،بھارت اس منصوبے کو ناکا م کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، اقتصادی راہداری کی وجہ سے پاکستان دشمنوں کے پیٹ درد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

ان خیالات کا اظہار مولانا عبدالغفور حیدری نے کوئٹہ پریس کلب میںجمعیت علماء اسلام میں سینئر سیاسی رہنماء ایڈوکیٹ نور خان ترین اور سینکڑوں قبائلی عمائدین کی شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نور خان ترین اور ساتھیوں کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں اور انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علماء اسلام میں لوگ جوق در جوق شامل ہورہے ہیں جو اس بات کی دلیل ہے کہ عوام دیگر جماعتوں سے نا امید ہو چکی ہیںاوربلوچستان میں قوم پرستی کے دعویدار سیاسی جماعتیں مکمل طور پر ناکام رہی ہیں اور انشاء اللہ جمیعت علماء اسلام آئندہ عام انتخابات میں کلین سویپ کرے کی اور صوبے میں حکومت قائم کرے گی ،جمیعت علماء اسلام نے کبھی بھی اقتدار کی لالچ نہیں کی لیکن ہمارا منشور عوام کی خدمت اور مسائل حل کرنا ہے تاہم حکومت میں ہونے سے ہی عوامی مسائل کا سدباب ہوگا۔

(جاری ہے)

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ایڈوکیٹ نور خان ترین کا شمار بلوچستان کے اہم ترین سیاسی گھرانے سے ہے ان کی شمولیت سے جمیعت علماء اسلام بلوچستان میں مزید مستحکم ہوگی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ قیام پاکستان سے لیکر آج تک پاکستان کا جھکاؤ امریکا کی طرف رہا لیکن امریکا نے ہر مشکل وقت میںمثبت کردار ادا نہیں کیاجبکہ چین نے مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل میں پاکستان کا ساتھ دیا اور ہر فورم پر پاکستان کی حمایت کی ،انہوں نے کہا کہ روس اور امریکا نے حلب اور برما میں مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ تو ڑ دیئے نہتے مظلوم مسلمانوں پر بمباری کر کے ان کا خون بہایا جارہا ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیںاور اقوام متحدہ سمیت تما م انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے آنکھوں پر سیاہ پٹیاں باندھ لئے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرپشن ایک ناسور ہے اس کی ہرفورم پر مخالفت کریں گے اورجنہوں نے ٹیکس چوری کر کے غیرقانونی طور پردولت باہر منتقل کر کے آف شورکمپنیاں بنائی ہیں ان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیئے لیکن جب تک الزام ثابت نہیں ہوتا کسی کو بھی مجرم تصور نہیں کیا جا چاہیئے۔