قائداعظم ؒکے یوم پیدائش پر ریڈیو پاکستان خصوصی پروگرام نشر کریگا

جمعہ 23 دسمبر 2016 16:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 دسمبر2016ء) ریڈیو پاکستان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح ؒکے یوم پیدائش کے موقع پرکل(بروز اتوار) خصوصی پروگرام نشر کر رہا ہے۔ صبح سات بج کر دس منٹ پر شروع ہونے والے پروگرام’’ صبح پاکستان‘‘ میں صدر اور وزیر اعظم کے خصوصی پیغامات نشر کیے جائیں گے۔اس پروگرام میںقائد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے’’ نغمہ قائد‘‘ اور معروف سماجی، ثقافتی و علمی شخصیات کے تاثرات نشر کیے جائیں گے۔

صبح آٹھ بجے کے نیوز بلیٹن کے فوری بعدمزار قائد کراچی سے فاتحہ خوانی اور گارڈز تبدیلی کی تقریب کی براہ راست رپورٹ بھی نشر کی جائیگی۔ معروف شعراء انجم خلیق ، افتخار عارف ، سید ضیاء الدین نعیم ’’نذر قائد ‘‘ پروگرام میں بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ نوجوان نسل تک قائد اعظم ؒ کا پیغام پہنچانے کے لیے انکی تقاریر سے اقتباسات پیش کیے جائیں گے۔

خصوصی مذاکراہ ’’جدوجہد قائد کے تاریخی مندرجات‘‘ شام ساڑھے تین بجے ،جبکہ غنائیہ ’’ملت کا پاسباں-‘‘- شام چار بج کر پانچ منٹ پرقومی نشریاتی رابطے پر نشر ہوگا۔بابائے قوم کے یوم پیدائش پر خصوصی شو ’’قائد تجھے سلام‘‘رات نو بج کر دس منٹ پر پیش کیا جائیگا۔قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے یوم پیدائش کے حوالے سے ملک بھر میں ہونے والی تقریبات کی رپورٹس بھی ان خصوصی پروگرامز کا حصہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :