پی ٹی وی لاہور سینٹر غریب ہوگیا ،فنکاروں کے معاوضے روک دئیے گئے

ڈرامہ سیریل ’’نوٹنکی فیملی ‘‘میں اداکاری کرنے والے متعدد فنکاروں کو چار ماہ سے معاوضے کے چیک نہیں ملے پی ٹی وی اپنے فنکاروں کی قدر کرتا ہے کبھی بھی انکی حق تلفی نہیں ہوگی ، اداکاروں کو مکمل معاوضہ ادا کر دیا جائیگا‘جی ایم بشارت خان

جمعہ 23 دسمبر 2016 12:44

پی ٹی وی لاہور سینٹر غریب ہوگیا ،فنکاروں کے معاوضے روک دئیے گئے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2016ء) پی ٹی وی لاہور سینٹر غریب ہوگیا ،فنکاروں کے معاوضے روک دئیے گئے ۔ باخبر ذرئع کے مطابق پی ٹی وی سے جاری رائٹر ڈاکٹر یونس بٹ کی لکھی گئی ڈرامہ سیریل ’’نوٹنکی فیملی ‘‘میں اداکاری کرنے والے متعدد فنکاروں کو چار ماہ سے معاوضے کے چیک نہیں ملے ۔ان فنکاروں میں نسیم وکی ، سلیم شیخ ، ثناء، صوبیہ خان ، خواجہ مسعود ، ماریہ زاہد اور اشرف خان سمیت دیگرشامل ہیں ۔

ان فنکاروں کو پچھلے چار ماہ سے ڈرامے میں کام کرنے کا معاوضہ نہیں دیا گیا ۔ پی ٹی وی کی جانب سے معاوضہ نہ ملنے پر متعدد اداکار پی ٹی وی انتظامیہ سے نا لاں ہیں ۔ذرائع کے مطابق پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر سے ابھی ان فنکاروں کو معاوضہ اداکرنے کے لئے فنڈ جاری نہیں ہوئے جس کی وجہ سے فنکاروں کے معاوضے میں تاخیر ہو رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے معاوضے کے حوالے سے بعض فنکاروں نے پی ٹی وی انتظامیہ سے رابطہ بھی کیا مگر ان کو تسلی بخش جواب نہیں ملا جس کے بعد اداکاروں نے آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے حکمت عملی طے کرلی ہے ۔

اس حوا لے سے پی ٹی وی لاہور سنٹر کے جی ایم بشارت خان نے کہاکہ ڈرامہ سیریل میں کام کرنے والے اداکاروں کو معاوضہ دیا جارہا ہے اور پی ٹی وی کے قوانین پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام فنکاروں کو ان کا مکمل معاوضہ جلد ادا کردیا جائے گا ۔ پی ٹی وی اپنے فنکاروں کی قدر کرتا ہے اور کبھی بھی ان کی حق تلفی نہیں ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :